0
Friday 23 Nov 2012 11:16

کشمیر و فلسطین میں بربریت، اقوام متحدہ کی خاموشی جرم عظیم اور لمحہ فکریہ ہے، عظیم

کشمیر و فلسطین میں بربریت، اقوام متحدہ کی خاموشی جرم عظیم اور لمحہ فکریہ ہے، عظیم
اسلام ٹائمز۔ کشمیر فورم کے چیئرمین چوہدری محمد عظیم نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے بعد نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت پر اقوام متحدہ کی خاموشی جرم عظیم اور مسلم امہ کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ مسلمان حکمران خاموشی ترک کرکے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف راست اقدام کریں اور ان پر عالمی دنیا سے دباؤ ڈال کر اسرائیل کو لگام دیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری عظیم نے مزید کہا کہ جس طرح بھارت نے ظلم و ستم اور انسانیت کی توہین کرتے ہوئے لاکھوں کشمیریوں کا قتل عام کیا اور عالمی دنیا اس پر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرتی رہی اسی طرح آج نہتے فلسطینی عوام معصوم، بچوں، اور عورتوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی ننگی جارحیت اور امریکہ سمیت نام نہاد مہذب دنیا کے انسانی حقوق کے دعوؤں پر طماچہ ہے۔ امن و امان کی عالمی ٹھیکیدار تنظیمیں اسرائیلی بربریت اور وحشیانہ قتل عام کو رکوانے اور فلسطینیوں کو تحفظ دینے کے لیے اقدام کرنے چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر فورم بھارت کی کشمیر اور اسرائیل کی فلسطین میں بربریت کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور امریکہ و یورپ کی خاموشی سے اسرائیل کو شہ مل رہی ہے اس کی بھی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ چوہدری عظیم نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو دہشت گرد سٹیٹ قرار دے کیونکہ مہذب دنیا کسی بھی طرح ایسے اقدام کی حمایت نہیں کر سکتی۔ عالمی قوانین اگر لاگو نہیں کئے جا سکتے تو پھر اقوام متحدہ کا قیام ایک سوالیہ نشان ہے کیونکہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھی اپنی قراردادوں کو عمل درآمد کروانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ جموں و کشمیر میں لاکھوں کشمیریوں کو اپنے حق کی بازیابی کے لیے جدوجہد کرنے کی پاداش میں بھارت سرکار شہید کر چکی ہے اور ہزاروں کی تعداد میں جیلوں میں ظلم و تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دنیا میں بھارت اور اسرائیل اس وقت واحد ملک ہیں جن کا ظلم حد درجے سے بہت بڑھ چکا ہے۔ مسلم ممالک کے حکمران امریکی غلامی کو ترک کریں وقت کی ضرورت ہے اگر ان کو بھی امریکی دھوکے سے بچنا ہے تو پھر آج ہی اس کے خلاف آواز بلند کریں امریکہ نے جن مسلمان حکمرانوں کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا آج ان میں سے اکثر کی تباہی بھی امریکہ ہی نے کی اس لیے مسلمان حکمران ہوش کے ناخن لیں اور امریکی اور اسرائیلی بینکوں میں پڑے اربوں ڈالر نکلوا کر اپنے غریب مسلمان ممالک کی مدد کریں اور متحد ہو کر ان سے مقابلہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 214519
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش