0
Sunday 25 Nov 2012 01:15

محرم الحرام میں امام بارگاہوں کو نشانہ بنانے والے گھناؤنی سازش پر عمل پیرا ہیں، الطاف حسین

محرم الحرام میں امام بارگاہوں کو نشانہ بنانے والے گھناؤنی سازش پر عمل پیرا ہیں، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے بنوں چونگی میں محرم الحرام کے ماتمی جلوس کے قریب بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے شہید و زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کو بم دھماکوں اور دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر نہ صرف ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں بلکہ مسلم امہ کے درمیان اتحاد بین المسلمین کے قیام کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام احترام کا مہینہ ہے اور اس مہینہ کا تقدس پامال کرنے والوں کا کسی مذہب اور مسلک سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام میں دہشت گردی کی کارروائیوں پر ہرگز اشتعال انگیزی کا مظاہرہ نہ کریں اور اپنے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے قائم رکھ کر گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنا دیں۔

انہوں نے بنوں چورنگی بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے بلند درجات، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے بنوں چورنگی میں محرم الحرام کے ماتمی جلوس کے قریب بم دھماکے کا سختی سے نوٹس لیا جائے، ماتمی جلوسوں اور امام بارگاہوں کی حفاظت کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے جائیں اور محرم الحرام کا تقدس پامال کرنے میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 214921
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش