0
Wednesday 19 Dec 2012 23:44

پولیو ویکسین سٹاف کی ٹارگٹ کلنگ کھلی بربریت اور جہالت ہے، علامہ ناصرعباس جعفری

پولیو ویکسین سٹاف کی ٹارگٹ کلنگ کھلی بربریت اور جہالت ہے، علامہ ناصرعباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کراچی اور پشاور میں کمسن بچوں کو پولیو ویکسین پلانے والی خواتین پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز رضاکار خواتین کا تحفظ یقینی بنائیں، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے بیان میں انہوں نے کہا دہشت گردوں کے حملوں کو روکنے اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کی بجائے، پولیو مہم کو روک دینا انتہائی غیردانشمندانہ قدم ہے، دہشت گرد ملکی ترقی اور بہتری کے دشمن ہیں تمام محب وطن قوتوں کو دہشت گردوں کے مقابلے میں ایک صف میں کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم نے دہشت گردی کی روک تھام میں حکومت کی ناکامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، دہشت گردوں نے پورے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے، اگر حکمران عوام کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتے تو اپنی ناکامی کے اعتراف میں اقتدار سے الگ ہو جائیں، انہوں نے کہا کہ کمسن بچوں کو مہلک امراض سے محفوظ رکھنے اور سرزمین وطن پر صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے پولیو ویکسی نیشن مہم کا جاری رہنا ضروری ہے، علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ مکار دشمن نے ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی اور خودکش حملوں کے ذریعے پاکستان کے پرعزم عوام کو ہراساں کرنے اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول میں ناکامی کے بعد اب گھر گھر جا کر کمسن بچوں کو پولیو ڈراپس پلانے والی خواتین کو نشانہ بنانے پر اتر آیا ہے جو ایک انتہائی شرمناک فعل ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مہم کے دوران پولیو سٹاف کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں تاکہ وہ احساس تحفظ کے ساتھ مہم جاری رکھ سکیں۔ مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ پاکستان کے تمام محب وطن شہریوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خواتین رضاکاروں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 222919
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش