0
Wednesday 26 Dec 2012 16:30

الیکشن کا التوا کسی طور پر بھی قبول نہیں، شہباز شریف

الیکشن کا التوا کسی طور پر بھی قبول نہیں، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ علامہ ساجد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کا فوری انعقاد وقت کا اہم تقاضا ہے، ملک کی بقا، جمہوری نظام کا استحکام چاہتے ہیں اور الیکشن کا التوا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں، تبدیلی بلٹ نہیں بیلٹ کے ذریعے آنی چاہیے، ملک کوبحرانوں سے نکالنے کے لئے نئے مینڈیٹ کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی مجموعی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر صاف شفاف طریقے سے ہونے چاہیں۔ ملاقات میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سیکرٹری جنرل حافظ عبدالکریم بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے دہشت گردی، کرپشن، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری اور غربت کے خاتمے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا، ملک آج بدترین دور سے گزر رہا ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوئی ہے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے سیاسی قیادت کو متفقہ طور پر قومی پالیسی اپنانا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ نااہل حکومت نے مفاہمت کے نام پر جمہوریت کو بدنام کر کے رکھ دیا ہے اور پوری قوم اب عام انتخابات کا شدت سے انتظار کر رہی ہے، امید ہے کہ قوم ووٹ کی طاقت سے ایسی دیانتدار، پرعزم اور عوامی خدمت کرنے والی قیادت سامنے لائے گی جو ملک کے مسائل حل کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے زخموں پر مرہم نہ رکھا گیا تو ملک افراتفری کا شکار ہو جائے گا، اقتدارکو ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے استعمال کرنے والوں کا یوم حساب قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی پنجاب حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار برس کے دوران عوام کی فلاح و بہبود کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں، میٹرو بس پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور اس عظیم الشان منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو باکفایت، جدید، تیز رفتار اور آرام دہ ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئے گی، میٹرو بس کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ کے اندر رکھا جائے گا اور یہ سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 225148
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش