0
Thursday 7 Feb 2013 15:20

ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام ڈیرہ اسماعیل خان میں امن کانفرنس، سیاسی لائحہ عمل کا اعلان

ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام ڈیرہ اسماعیل خان میں امن کانفرنس، سیاسی لائحہ عمل کا اعلان

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ڈیرہ اسماعیل خان میں امن کانفرنس بعنوان ’’اتحاد بین المسلمین و مذہبی سیاسی ہم آہنگی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ اس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی، مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبیل حسن مظاہری، چئیرمین متحدہ تحریک امن ڈیرہ اسماعیل خان پیر شیر محمد، خطیب جامع مسجد اہل سنت ڈیرہ اسماعیل خان ریاض احمد جمالوی، جماعت اسلامی کے رہنماء زاہد محب اللہ چغتائی اور قمبر رضا سمیت دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے بلوچستان کی معزول حکومت کی بحالی کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس قسم کی کوئی کوشش کی گئی تو اس کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔ اور اس اقدام کو شہداء کیساتھ غداری تصور کیا جائے گا۔ جس کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔ 

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں نے ان تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے اکابرین پر واضح کیا کہ جنہوں نے شہدائے کوئٹہ کا تمسخر اڑایا اور گورنر راج کی مخالفت کی کہ جس طرح ایسے عناصر کو بلوچستان میں سیاسی شکست دی اس طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی انہیں سیاسی شکست دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان قوتوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کی سرزمین پر بھی اب سیاسی شکست ہوگی کیونکہ ڈیرہ اب ان کی جاگیر نہیں رہا بلکہ یہاں کے عوام اب آزادی اور خودمختاری کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے۔ اور یہاں آئندہ سیاست میں مجلس وحدت مسلمین کا اہم کردار ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ڈیرہ اسماعیل کے تمام شیعہ عمائدین کیساتھ بنیادی ہم آہنگی ہو گئی ہے اور لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے، جس کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے اور ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے اپنے حمایت یافتہ امیدوار کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔ 

کانفرنس کے دوران مجلس وحدت مسلمین نے اپنے سیاسی لائحہ عمل سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ جس پر مختلف شیعہ سنی رہنماوں نے مجلس وحدت مسلمین کو ہر قسم کے تعاون کی تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر مقررین نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی شورش زدہ سر زمین کے ماضی قریب کے حالات پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے موجودہ حالات کے تناظر میں تمام شرکاء اور زعماء پر یہ حقیقت واضح کی کہ اگر ماضی کے حالات دوبارہ دہرائے گئے تو کسی قوم کی بقاء کی زمانت دینا ممکن نہیں۔ مقررین نے اپنی تقاریر میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اتحاد و اتفاق پر زور دیتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے عملی نمونہ پیش کرنے کی خواہشات کا اظہار کیا۔ کانفرنس کا اختتام مولانا زاہد جعفری کی جانب سے کرائی گئی دعا سے ہوا۔

خبر کا کوڈ : 237834
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش