0
Sunday 3 Mar 2013 19:05

کراچی، کالعدم تنظیموں نے تھانوں پر حملے کی منصوبہ بندی کرلی

کراچی، کالعدم تنظیموں نے تھانوں پر حملے کی منصوبہ بندی کرلی
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں کالعدم تنظیموں نے پولیس افسران اور تھانوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق اعلی پولیس افسران سمیت شہر کے 16 تھانے دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں۔ کراچی میں سکیورٹی فورسز کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان، لشکر جھنگوی اور جیش محمد کی جانب سے شہر میں ممکنہ دہشت گردی اور تخریب کاری کے خطرات ہیں جبکہ بازاروں، دکانوں اور اہم مقامات اور پولیس افسران کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ مراسلے میں پولیس کے دو افسران چوہدری اسلم اور راجہ عمر خطاب پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دونوں افسران کو گھروں اور دفاتر میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق جند اللہ سے تعلق رکھنے والے شدت پسند نے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کے لئے سینٹرل جیل پر حملے کی منصوبہ بندی بھی کر رکھی ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ کے مطابق کراچی سے لشکر جھنگوی کے 30 دہشت گرد گرفتار کئے ہیں۔ کالعدم تنظیموں کی جانب سے شہر کے 16 تھانوں کو ہٹ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ جن میں سہراب گوٹھ، مومن آباد، منگھوپیر، بلدیہ، موچکو، میمن گوٹھ سمیت دیگر تھانے شامل ہیں۔ ہٹ لسٹ میں شامل کئے جانے والے تمام تھانوں کا تعلق ان علاقوں سے ہے جہاں شدت پسندوں کے گروپ منظم ہو چکے ہیں۔ ان علاقوں میں قانون نافذ کرنے والوں کو سخت مذاحمت کا سامنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 243826
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش