0
Thursday 7 Mar 2013 01:52

گلگت، یوم حسین (ع) کے موقع پر قراقرم یونیورسٹی سے بے دخل کئے گئے 14 طلباء بحال

گلگت، یوم حسین (ع) کے موقع پر قراقرم یونیورسٹی سے بے دخل کئے گئے 14 طلباء بحال
اسلام ٹائمز۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں چند ماہ قبل یوم حسین (ع) کے پر امن انعقاد کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے بے دخل کئے گئے 14 شیعہ طلباء کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل محرم الحرام کے مہینے میں سالہائے گزشتہ کی طرح جامعہ قراقرم کے شیعہ طلباء نے یوم حسین (ع) کے پروگرام کے انعقاد کی کوشش کی تو یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک مٹھی بھر شدت پسند گروہ کے دباو میں آکر یوم حسین (ع) کے انعقاد پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ جس کے بعد شیعہ طلباء نے انتظامیہ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے بھر پور احتجاج کیا اور بعدازں یونیورسٹی کے اندر شیعہ طلباء نے یوم حسین (ع) کا پرامن اور عظیم الشان انعقاد کیا۔ جس کے بعد گلگت شہر میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حالات خراب کرائے گئے جس کے نتیجے میں ایک شیعہ طالب علم ضمیر عباس سمیت تین افراد شہید ہوگئے تھے۔
 
بعدازاں یونیورسٹی انتظامیہ نے یوم حسین (ع) کے انعقاد میں بھرپور کردار ادا کرنے والے 14 بیگناہ شیعہ طلباء کو یونیورسٹی سے بے دخل کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ دریں اثناء شیعہ تنظیموں کے ملکی سطح پر منظم احتجاج اور شیعہ علماء و عمائدین اور تنظیموں کی کوششوں کے نتیجے میں تحقیقاتی کمیٹی نے ان طلبا پر لگائے الزمات کو مسترد کرتے ہوئے ان کی بحالی کا باضابطہ نوٹفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ بحال ہونے والے تمام شیعہ طلباء نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی بحالی کیلئے آواز اٹھانے پر پاکستان بھر کی تمام شیعہ تنظیموں، علما کرام اور خواص کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ بے دخل کئے گئے زیادہ تر طلبا کا تعلق شیعہ طلباء تنظیموں جے ایس او اور آئی ایس او سے تھا۔ اور اس پروگرام میں بھی جے ایس او اور آئی ایس او نے مشترکہ جدوجہد کرکے مثالی اتحاد کا عملی مظاہرہ بھی کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 244868
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش