0
Tuesday 18 Jun 2013 21:26

شمالی بھارت میں شدید بارشوں سے زندگی متاثر، 70 ہلاک

شمالی بھارت میں شدید بارشوں سے زندگی متاثر، 70 ہلاک
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے شمالی علاقوں میں شدید بارشوں کے سبب زبردست جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں جس میں اب تک کم سے کم 70 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں بہت سے لوگ لا پتہ ہیں جبکہ 50 ہزار سے زیادہ لوگ مختلف مقامات پر سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں، ریاست اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں مون سون وقت سے پہلے ہی پہنچ گيا اور شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، فوج اور دیگر فورسز امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، بی ایس ایف یعنی بارڈر سکیورٹی فورسز کے ہیلی کاپٹروں سے مدد لی جا رہی ہے لیکن حکام کا کہنا ہے کہ بارش نہ رکنے کے سبب امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، سب سے زیادہ نقصان پہاڑی ریاست اتراکھنڈ میں ہوا ہے جہاں تودے گرنے کے بہت سے واقعات کے سبب اب تک 45 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، دہرادون کے کئی علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگيا ہے جسے بحال کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں لیکن اب بھی بہت سے علاقوں سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے اس لیے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔

ہماچل پردیش کے مختلف علاقوں میں بھی یہی حال ہے جہاں دو روز سے ہورہی بارشوں سے اب تک دس افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے، ہماچل میں سب سے زیادہ متاثر قبائیلی ضلع کنّنور ہے جہاں کئی مقامات پر زمین کھسکنے اور سڑک دھنسنے کے سبب راستے جام ہوگئے ہیں، ہماچل پردیش سیاحت کے لیے معروف جگہ ہے جہاں حکام کے مطابق تقریبا دو ہزار سیاح پھنسے ہوئے ہیں، بارش سے ریاست اتر پردیش کے بھی بعض علاقے متاثر ہوئے ہیں جہاں 15 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے، ہریانہ اور یو پی میں اس وقت بیشتر دریاؤں میں طغیانی آئی ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 274697
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش