0
Sunday 13 Jun 2010 12:53

علماء کرام کا وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کی برطرفی کا مطالبہ

علماء کرام کا وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کی برطرفی کا مطالبہ
 لاہور:اسلام ٹائمز-روزنامہ جسارت کے مطابق علماء نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں ناکامی اور سیاسی مقاصد کی خاطر کالعدم تنظیموں سے روابط پر وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔لاہور میں عالم دین ڈاکٹر مفتی سرفراز نعیمی کی پہلی برسی کے موقع پر شہید پاکستان سیمینار منعقد کیا گیا۔اس موقع پر مقررین علماء نے پنجاب حکومت کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں دہشت گردوں کی وکالت اور مذموم مقاصد کے لیے سرپرستی کرنے پر وزارت قانون سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
شہید پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا قاسم علوی نے کہا کہ جھنگ اور ملتان کے انتخابات میں وقتی سیاسی مقاصد کے لیے وزیر قانون پنجاب کا کالعدم تنظیموں سے رابطہ لمحہ فکریہ ہے،وزیر قانون فیصل آباد میں اہلسنت و الجماعت کے کارکنوں پر فائرنگ سمیت دیگر کئی معاملات میں کالعدم تنظیم اور ان کے رفقاء کی سرپرستی کر کے خود لاقانونیت کو فروغ دے رہے ہیں۔لہٰذا ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ وزیر قانون سے استعفیٰ طلب کر کے انہیں عہدے سے سبکدوش کرے۔ 
علامہ غلام محمد سیالوی نے کہا کہ پنجاب حکومت جامعہ نعیمیہ سے تعلق کے باوجود مفتی سرفراز نعیمی شہید کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کر سکی۔فیصل آباد کے میلاد جلوس میں بھی پنجاب حکومت نے ڈنڈی ماری،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیر قانون پنجاب کو ان کے عہدے سے ہٹایا جائے۔
دوسری جانب سیمینار سے خطاب کر تے ہو ئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات صمصام علی بخاری نے کہا کہ یہ ضیاءالحق کے دیے ہوئے تحفے ہیں۔پیپلزپارٹی نے کبھی بھی دہشت گردوں سے ہاتھ نہیں ملایا اور نہ کبھی ایسا کریں گے۔اس موقع پر علماء و مشائخ ابوالخیر محمد زبیر،مفتی حسیب قادری،مفتی صادق حسین،راغب حسین نعیمی،جسٹس (ر) نذیر غازی،سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی و دیگر مقررین نے خطاب کیا،سیمینار میں 4 مختلف قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔
آج نیوز کے مطابق علماء نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں ناکامی اور سیاسی مقاصد کی خاطر کالعدم تنظیموں سے روابط پر وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کی برطرفی کا مطالبہ کر دیا۔لاہور میں عالم دین ڈاکٹر مفتی سرفراز نعیمی کی پہلی برسی کے موقعے پر شہید پاکستان قومی کانفرنس ہوئی جس میں علما نے ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جھنگ اور ملتان کے انتخابات میں وقتی سیاسی مقاصد کے لئے وزیر قانون پنجاب کا کالعدم تنظیموں سے رابطہ لمحہ فکریہ ہے، حکومت کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات صمصام بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی سماج دشمن عناصر کا ساتھ نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سرفراز نعیمی شہید کے قاتلوں کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔سیمینار میں ایران پر عائد کی جانے والی پابندیوں،فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت اور فیس بک پر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی بھر پور مذمت کی گئی۔



خبر کا کوڈ : 28217
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش