0
Monday 19 Aug 2013 02:33

اے این پی اور ایم ڈبلیو ایم کے مابین مختلف امور پر اتفاق رائے!

اے این پی اور ایم ڈبلیو ایم کے مابین مختلف امور پر اتفاق رائے!
رپورٹ: ایس اے زیدی

صوبہ خیبر پختونخوا کی سابق حکمران جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اور سابق وفاقی ریلوے غلام احمد بلور نے ایک وفد کے ہمراہ ہفتہ کے روز پشاور میں مجلس وحدت مسلمین کے دفتر کا دورہ کیا اور ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی سمیت دیگر مسئولین سے ملاقات کی۔ ملاقات کیلئے آنے والے مہمان وفد میں حاجی غلام احمد بلور کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء ہارون بلور، صوبائی جائنٹ سیکرٹری محمد فیاض بھی شامل تھے، جبکہ میزبانوں میں علامہ سید عبدالحسین الحسینی کے علاوہ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ سید وحید عباس کاظمی، صوبائی آفس مسئول ارشاد حسین بنگش، صوبائی سیکرٹری اطلاعات عدیل عباس زیدی، ضلعی سیکرٹری جنرل کوہاٹ حاجی علی داد خان اور ضلع پشاور کے مسئولین موجود تھے۔ ملاقات کے آغاز میں علامہ عبدالحسین الحسینی نے جمعتہ المبارک کی شب فائرنگ سے قتل ہونے والی نجمہ حنیف اور سابق سنیئر وزیر بشیر بلور کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرائی۔ 

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے دہشتگردی کیخلاف اے این پی کے رہنماوں اور کارکنوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے غلام احمد بلور کی توجہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں اہل تشیع کے قتل عام کی طرف توجہ بھی مبذول کروائی۔ ان کا کہنا تھا کہ اے این پی کے دور حکومت کے آخری 4 ماہ کے دوران پشاور میں 15 اہل تشیع ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے، لیکن آپ کی حکومت کے اراکین تعزیت تک کیلئے نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تحفظ چاہئے، عزاداری کا اور عزاداروں کا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی تعاون اور ملاقاتوں کو برقرار رکھا جائے گا۔ تاہم کرپشن، بدامنی، لاقانونیت کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کیا جائے اور ملک سے غیر ملکی مداخلت ختم ہونی چاہئے۔  علامہ عبدالحسین نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کیلئے ایم ڈبلیو ایم آپ کے ساتھ ہے۔ 

اس موقع پر غلام احمد بلور نے علامہ عبدالحسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم خود دہشتگردی کا شکار ہیں، اور اہل تشیع کی قتل و غارت گری پر ہمیں بھی دکھ ہے۔ ہمارے رہنماء جامعہ شہید عارف الحسینی دھماکہ کے موقع پر پہنچے اور بعدازاں زخمیوں کی بھی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک سے غیر ملکی مداخلت کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ میں تو وہ شخص ہوں جس پر امریکہ اور برطانیہ نے پابندی لگا رکھی ہے۔ ہم تو غیر ملکی مداخلت کیخلاف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو کافر کہنے کے حوالے سے علمائے کرام کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہماری جماعت میں کسی قسم کا تعصب نہیں اور نہ ہی ہم تعصب کے قائل ہیں۔ ہماری جماعت میں اہل تشیع بھائی بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ ہم ملک و قوم کے مفاد میں ہر جماعت کیساتھ تعاون چاہتے ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین اور عوامی نشینل پارٹی کے وفود کے مابین مختلف امور پر اتفاق رائے پایا گیا اور ایم ڈبلیو ایم نے ضمنی الیکشن میں صوبہ میں حاجی غلام احمد بلور سمیت عوامی نیشنل پارٹی کے دیگر امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا۔ بعدازاں علامہ سید عبدالحسین الحسینی اور حاجی غلام احمد بلور نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ آئندہ دو طرفہ تعلقات اور تعاون برقرار رہے گا اور ملک و قوم کے مفاد میں رابطوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔ اس امر پر بھی اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ ملک میں دہشتگردی اور شدت پسندی کے خاتمہ کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔ سیاسی سطح پر دونوں جماعتیں صوبہ خیبر پختونخوا میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور آئندہ بھی تعاون برقرار رکھنے پر اتفاق کرتی ہیں۔ 

علامہ عبدالحسین نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا ضمنی الیکشن 2013ء میں حلقہ این اے ون پر حاجی غلام احمد بلور کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے اور ان کو اسمبلی تک پہنچانے میں ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔ لہذا غلام احمد بلور سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ انشاءاللہ قومی اسمبلی میں پہنچ کر اپنے اہل تشیع ووٹرز کے حقوق کا بھی دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں یہ سیاسی تعاون آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھی برقرار رکھنے کا اعلان کرتی ہیں اور آئندہ تعلقات برقرار رکھنے کیلئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتی ہیں۔ دونوں جماعتیں ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے کردار ادا کریں گی اور مذہبی انتہاء پسندانہ اور فرقہ پرست سوچ رکھنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں جماعتیں ملک سے کرپشن، لاقانونیت، بدامنی، غیر ملکی مداخلت کے خاتمہ کیلئے اپنا سیاسی کردار ادا کریں گی اور اس امر پر بھی اتفاق کرتی ہیں کہ ملک میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے دوست ممالک چین اور ایران کی پیشکشوں سے استفادہ کرنے کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔ 

آخر میں غلام احمد بلور نے حمایت کرنے پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کا شکریہ ادا کیا اور اس ضرورت پر زور دیا کہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے علمائے کرام کا کردار سب سے اہم ہے، جبکہ دونوں جماعتوں نے رابطے برقرار رکھنے کیلئے دو رکنی کمیٹی بھی قائم کرنے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ غلام احمد بلور کو این اے ون کے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کی حمایت بھی حاصل ہے، جبکہ اے این پی کا دوسرا امیدوار نوشہرہ کے حلقہ سے ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا نے نوشہرہ میں بھی اے این پی کے امیدوار کو کامیاب کرانے میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ واضح رہے کہ صوبائی سطح پر مجلس وحدت مسلمین اور عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت کے مابین یہ پہلا باضابطہ رابطہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 293703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش