0
Tuesday 3 Sep 2013 09:56

وفاق کی کشمیر پالیسی پر تحفظات ہیں، رشید ترابی

وفاق کی کشمیر پالیسی پر تحفظات ہیں، رشید ترابی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی اور نظام کی تبدیلی جماعت اسلامی کے نصب العین کا حصہ ہے۔ جماعت اسلامی شہداء کے خون سے سودا بازی قبول نہیں کرے گی۔ جس نے بھی شہداء کے خون سے بے وفائی کی وہ نشان عبرت بنا ہے۔ مشرف سرکار نے کشمیریوں سے غداری کی تو آج اس کا حشر پوری دنیا اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میاں نواز شریف جنرل اسملی کے مجوزہ اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں کشمیر پر پاکستان کے قومی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے ہندوستان کو کٹہرے میں کھڑا کریں۔ ہندوستان نے کنٹرول لائن پر گولہ باری کر کے اپنا جواب دے دیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کی موجودہ کشمیر پالیسی پر کشمیر کی آر پار کی قیادت کو شدید تحفظات ہیں جن کو فوری طور پر ختم کرنے کی ضرورت ہے اور کشمیر پر فوری طور پر قومی پالیسی کو عوام کے سامنے واضح کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکزی شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین اور حریت کانفرنس گیلانی کے کنوینئر غلام محمد صفی نے بھی خطاب کیا۔

مرکزی شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیریوں کو حق ںہ دیا اور اس کے مظالم اسی طرح جاری رہے تو مزاحمت پہلے کے مقابلے میں زیادہ شدت کے ساتھ شروع ہو گی۔ انھوں نے کہاکہ حالیہ واقع میں ہندوستانی فوج نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر کے اپنے ہی فوجیوں کا قتل کر کے الزام پاک فوج پر لگا دیا۔ ہندوستانی فوجی ذہنی تنائو کو شکار ہو کر اس طرح کے واقعات پہلے بھی کر چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب تک ایک بھی ہندوستانی فوجی مقبوضہ کشمیر میں موجود ہے کشمیری اپنا جہاد جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہاکہ حریت قائدین بھی یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔

اس موقع پر حریت کانفرنس گیلانی کے کنوینئر غلام محمد صفی نے کہاکہ سید علی گیلانی کی استقامت نے تحریک آزادی کشمیر کو بڑے حادثات سے بچایا ہے۔ وقت اور حالات نے بھی ثابت کیا ہے کہ سید علی گیلانی کا موقف درست ہے۔ انھوں نے آزاد کشمیر میں قائم کل جماعتی رابطہ کونسل کی سرگرمیوں پر سراہتے ہوئے کہا کہ عبدالرشید ترابی کی قیادت میں سرگرمیوں پر مقبوضہ کشمیر میں حوصلے کا پیغام گیا ہے۔ کشمیر کے اندر چلنے والی تحریک کو جلا ملی ہے اس کی سرگرمیاں جاری رہنی چاہیے۔ انھوں ںے کہاکہ جماعت اسلامی اپنے اصولی موقف پر قائم ہے حق خودارادیت ہی مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔ جماعت اسلامی اس حق حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 298030
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش