0
Thursday 5 Sep 2013 13:19

کراچی آپریشن سے بچنے کیلئے متحدہ کے دہشتگرد روپوش ہو رہے ہیں، خالد حمید

کراچی آپریشن سے بچنے کیلئے متحدہ کے دہشتگرد روپوش ہو رہے ہیں، خالد حمید
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی آرگنائزر کراچی کمیٹی خالد حمید نے کہا ہے کہ کراچی کو طویل عرصے سے یرغمال رکھنے، لوٹنے اور آگ و خون میں نہلانے والوں کو منطقی انجام پر پہنچانے کا وقت آپہنچا۔ موجودہ حکومت کو ان دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہونا چاہئے۔ وفاق سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے تاکہ کراچی کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کرنے والوں کی بیخ کنی کی جا سکے۔ پارٹی چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر کراچی کے مختلف علاقوں سے آئے نوجوانوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے خالد حمید نے کہا کہ نوجوان مہاجر قوم کا سرمایہ ہیں، کراچی کے نوجواں نسل کو قلم کے بجائے اسلحہ تھمانے والے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے عر صہ داز سے استعمال کرتے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک کرنے کے ذمہ دار عنقریب اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ خالد حمید نے مزید کہا کہ آج جب حکومت وقت ان دہشت گرد عناصروں کے خلاف کارروائی کرنے کی حکمت عملی تیار کر رہی ہے تو متحدہ اپنے دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کی تیاری میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ  حکومت اور حساس ادارے متحدہ کے دہشت گرد عناصر کی مکمل حرکات و سکنات پر کڑی نظر رکھیں تاکہ یہ ملک کے کسی کونے میں بھی ہوں انھیں گرفتار کیا جا سکے۔
 
انہوں نے کہا کہ متحدہ نے کراچی کے عوام سے چندے اور بھتے کے نام پر کروڑوں روپے لوٹے اور اپنے لندن قیادت کے فارن اکاﺅنٹ کو توانائی بخشی جس کے تمام ثبوت ریکارڈ پر ہیں۔ الطاف سے برآمد رقوم عوام کی امانت ہیں، قوم حکومت پاکستان سے تمام رقوم کی فوری واپسی کا مطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بسنے والے مہاجر دیگر قوموں ہی کی طرح محب وطن ہیں۔ مٹھی بھر جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کو مہاجر قوم سے منسوب کرنا حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر قوم کا تو شروع دن سے موقف رہا ہے کہ جو کوئی ملک و قوم کے خلاف برسر پیکار ہے اسے بدترین انجام سے دوچار کیا جائے۔ چناچہ اس بار پھر اس مطالبہ کو دہراتے ہیں کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ اس کے مثبت اور موثر نتائج حاصل ہو سکیں۔
خبر کا کوڈ : 298845
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش