0
Monday 14 Oct 2013 16:59
ڈویژن بھر سے امامیہ طلباء کی شرکت

گلگت، آئی ایس او کے 34 ویں ڈویژنل مستضعفین جہاں کنونشن کا اختتام، مدثر عباس نئے میرکارواں منتخب

گلگت، آئی ایس او کے 34 ویں ڈویژنل مستضعفین جہاں کنونشن کا اختتام، مدثر عباس نئے میرکارواں منتخب
رپورٹ: ایس ٹی ایم کاظمی

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان گلگت ڈویژن کا 36واں ڈویژنل کنونشن 13,12,11اکتوبر 2013ء کو  امامیہ جامع مسجد گلگت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے اختتامی روز جلسہ عام میں درج ذیل قراداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

1۔ آج کا یہ عظیم الشان اجتماع عالمی سامراج امریکہ کے بین الاقوامی کردار کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے عالم اسلام سے اپنے اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی اپیل کرتا ہے۔ 

2۔ آج کا یہ عظیم الشان اجتماع ملک عزیز پاکستان میں بڑہتے ہوئے امریکی اثر و رسوخ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے عوام الناس کو شعور و آگہی کی دعوت دیتے ہوئے اس عفریت کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کرتا ہے۔

3۔ آج کا یہ عظیم الشان اجتماع ملک عزیز میں بڑہتی ہوئی دہشت گردی اور ان دہشت گردوں سے مزاکرات کی دعوت کی مذمت کرتے ہوئے ان امریکی ایجنٹوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کا مطالبہ کرتا ہے۔

4۔ آج کا یہ عظیم الشان اجتماع گلگت میں بڑھتی ہوئی طالبانی سوچ اور اثر و ر سوخ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف قبل از وقت کاروائی کا مطالبہ کرتا ہے۔

5۔ آج کا یہ عظیم الشان اجتماع گلگت بلتستان میں موجودہ تعلیمی سہولیات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے خواتین کیلئے الگ یونیورسٹی، میڈیکل اور انجینئرنگ کالج کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے نیز قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں بڑھتی ہوئی فیسوں کو غریب طلباء کیلئے تعلیمی دروازے بند کرنے کے مترادف سمجھتے ہوئے فیسوں میں کمی کا مطالبہ کرتا ہے۔

6۔ آج کا یہ اجتماع KIU میں کلچر کے نام فحاشیت و عریانیت کے فروغ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسلامی کلچر کے فروغ کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔

7۔ آج کا یہ عظیم الشان اجتماع گلگت بلتستان کے موجودہ سیاسی پیکیج کو ناکافی گردانتے ہوئے مکمل آئینی صوبہ بنانے یا کشمیر طرز کا آئینی سیٹ اپ دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔
 
8۔ آج کا یہ عظیم الشان اجتماع ولی امر مسلمین حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی ولولہ انگیز قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اعلان کرتے ہوئے ان کا ہراول دستہ بننے کا اعادہ کرتا ہے۔

اس سے قبل شرکاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید راحت حسین الحسینی نے کہا کہ آئی ایس او ایک الہی اور فکری طلباء تنظیم ہے جو گذشتہ 46 سالوں سے ملک کے اندر طلباء کی تربیت کے لیے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم میں کام خدا کی خوشنودی کے لیے کیا جانا چاہیئے نہ کہ تنظیم کی نشرواشاعت کیلئے۔ اگر خدا کی رضا کے لیے کام کیا جائے تو کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم صرف زبانی طور پر ولایت کے نعرے لگاتے ہیں مگر عملی طور پر ولایت فقیہ کے لیے کام نہیں کرتے۔ انکا کہنا تھا کہ آئی ایس او ملکی سطح کی الٰہی طلباء تنظیم ہے جو گلگت بلتستان میں گذشتہ 36 سالوں سے کام کر رہی ہے، گلگت ایک شیعہ آبادی کا علاقہ ہے اور کنونشن میں طلباء کی شرکت نہایت کم ہے اور اتنے افراد کا کنونشن میں آنا تنظیم کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ آپ برادران کو زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے اور دیگر طلباء کو بھی تنظیم سے منسلک کرنے کےلیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا محور تعلیم اور تربیت ہونا چاہیئے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید مظاہر حسین موسوی نے کہا کہ آئی ایس او کی ترجیح تعلیم ہونی چاہیئے اور تعلیم کے ذریعے ہی تنظیم کے الِہی مقاصد اور اہداف کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ برادران طلباء کی تربیت کے حوالے سے بھی اپنی کوششوں کو تیز کریں تاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی تربیت بھی کی جا سکے۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان اطہر عمران نے کہا کہ علما کرام کی سرپرستی ہوئی تو انشاءاللہ تنظیمی امور کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ برادران کی ذمہ داری ہے کہ آپ اپنے نئے میرکاروان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ تنظیم کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے اور تنظیم کو مزید فعال بنایا جائے۔ مرکزی صدر نے جیسے ہی نئے میر کاروان کا اعلان کیا پنڈال  "مدثر بھائی قدم بڑھاو ہم تمہارے ساتھ ہیں" کے نعروں کے ساتھ گونج اٹھا، نئے میرکاروان کو سٹیج پر لایا گیا جس کے بعد مرکزی صدر نے نو منتخب ڈویژنل صدر سے حلف لیا۔ کنونشن کے آخر میں نئے میرکاروان مدثر عباس نے اپنے خطاب میں برادران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انشاءاللہ آپ برادران کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرونگا۔ انہوں نے سال نو کو سال تعلیم و تربیت کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔ کنونشن کے آخر میں بہترین کارکردگی دکھانے والے یونٹس اور کارکنان میں شیلڈ اور انعامات تقسیم کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 311191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش