0
Friday 18 Oct 2013 16:35
سندھ کو ایک بار پھر پیپلزپارٹی کا قلعہ بنائینگے

آئندہ الیکشن میں آصف زرداری جیالوں کی کمان ہونگے میں تیر بنوں گا، بلاول بھٹو زرداری

آئندہ الیکشن میں آصف زرداری جیالوں کی کمان ہونگے میں تیر بنوں گا، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 2018ء کے الیکشن میں آصف زرداری جیالوں کی کمان ہوں گے اور میں تیر، ہم سب مل کر شیر کا شکار کریں گے جو غریبوں کے خون سے اپنا پیٹ بھرتا ہے۔ کراچی میں سانحہ کارساز کے 6 سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں خیبر پختونخوا کی عوام کو سونامی کے طوفان میں ڈوبنے سے بچائیں گے۔ پاکستان کو 1947ء میں آزادی ملی لیکن ہمارا کراچی آج بھی لندن کی کالونی ہے، ہم فون پر چلنے والی پتنگ کو کاٹ دیں گے اور سندھ کو ایک بار پھر پیپلزپارٹی کا قلعہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت میں اسلام آباد کو ایک شخص نے یرغمال بنالیا اور پیپلزپارٹی کے جیالے نے اسلام آباد کو اس شخص سے بچایا اور وزیر داخلہ کو شرما دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک جنون ہے۔ پیپلزپارٹی بہادروں، شہیدوں اور جیالوں کی پارٹی ہے اور قائد سمیت ہزاروں کارکنوں نے ملک میں جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007ء کو جب بی بی شہید وطن واپس آئیں تو پورا ملک خوشیاں منا رہا تھا اور یہاں ان کے استقبال کے لیے 30 لاکھ سے زائد افراد آئے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی خاطر اگر کسی ماں نے اپنا بیٹا قربان کیا ہے تو میں اس ماں کا بیٹا ہوں اور اگر کسی بہن نے اپنا بھائی قربان کیا ہے تو میں اس بہن کا بھائی ہوں۔

واضح رہے کہ کراچی میں سانحہ کارساز کو گزرے 6 برس بیت گئے، مگر تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی ہے، واقعہ میں 160 سے زائد افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو خود ساختہ جلاوطنی کے بعد 18 اکتوبر2007ء کو کراچی پہنچیں تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ انکا قافلہ کارساز کے قریب پہنچا تو زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے سے افرتفری پھیل گئی اور 160 سے زائد افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے، تاہم بے نظیر بھٹو بم دھماکہ میں محفوظ رہیں۔ واقعہ کی ایف آئی ار سرکار کی مدعیت میں درج کی گئی۔ وقت گذرنے کے ساتھ واقعہ کے تفتیشی آفسر بھی تبدیل ہوتے رہے مگر تحقیقات میں کوئی خطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں مگر تفتیش کب مکمل ہوگی، کسی کو نہیں معلوم۔

بلاول بھٹو زرداری کے خطاب پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوٹر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل نے کہا کہ ایم کیو ایم کی پتنگ کاٹنے والے خواب دیکھ رہے ہیں، جو 1988ء سے کوشش کے باوجود ایم کیو ایم کی پتنگ نہیں کاٹ سکے، وہ اب بھی اس کی اڑان کو نہیں روک سکتے۔ بلاول بھٹو نے عام انتخابات کیلئے لکھی تقریر آج پڑھ کر سنائی ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے ترجمان مشاہد اللہ خان نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلاول جیسی تقریریں کھلونوں سے کھیلنے والے بچے کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ تقریر انہیں گیارہ مئی سے پہلے کرنی چاہئے تھی لیکن اس وقت وہ لندن بھاگ گئے تھے، بلاول ہمارا بچہ ہے اور انہیں جس نے بھی تقریر لکھ کر دی ہے اس نے ابھی تک انتخابات میں پیپلزپارٹی کی شکست کی وجوہات معلوم کرنے کی بھی کوشش نہیں کی۔ مشاہد اللہ نے مزید کہا کہ بلاول ویڈیو گیم والا بچہ ہے جو اب سیاست میں آگیا ہے، وہ صرف ویڈیو گیم میں ہی شیر کا شکار کرسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 312055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش