0
Friday 16 Jul 2010 16:09

بھارت مذاکرات کیلئے ذہنی طور پر تیار نہیں تھا،پاکستان کشمیر سے لاتعلق نہیں رہ سکتا،شاہ محمود قریشی

بھارت مذاکرات کیلئے ذہنی طور پر تیار نہیں تھا،پاکستان کشمیر سے لاتعلق نہیں رہ سکتا،شاہ محمود قریشی
 اسلام آباد:اسلام ٹائمز-اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت مذاکرات کے لئے ذہنی طور پر تیار نہیں تھا اور مذاکرات کے دوران بار بار دہلی سے ہدایات لی جا رہی تھیں۔مذاکرات کو دہشت گردی سے مشروط کرنا مناسب نہیں اور کشمیر کے حالات سے پاکستان لاتعلق نہیں رہ سکتا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کھلے دل سے مذاکرات کے لئے تیار ہے اور لچک دکھانے کے لئے بھی تیار ہے،بلوچستان سے متعلق وزرائے داخلہ کی ملاقات میں مکمل تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے متاثر ہونے والا سب سے بڑا ملک ہے،اور ہم چاہتے ہیں کہ دہشت گردی سمیت تمام ایشوز پر بات چیت کی جائے۔اگر سرکریک مسئلہ زیر بحث آتا ہے اور سیاچن نہیں،تو یہ مناسب نہیں ہو گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں سے جن مسائل پر بات چیت ہوتی رہی ہے،اب ان سے لاتعلق ہونا مشکل کام ہے،اور ہم چاہتے ہیں کہ چار سال کی محنت رائیگاں نہ جائے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر سے لاتعلق نہیں رہ سکتے،جہاں کرفیو کا نفاذ کرنا پڑے،جہاں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہو اور فوج تعینات ہو،تو وہاں اندرونی معاملہ کہنا کافی نہیں ہو گا۔
آج نیوز کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا پاکستان کا دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہو گئے۔شاہ محمود قریشی نے کہا ہے پاکستان کشمیر سے لا تعلق نہیں رہ سکتا۔ایس ایم کرشنا کشمیر،سیاچن اور علاقائی سلامتی پر بات چیت کی بحالی کا اختیار نہیں رکھتے۔ اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے روڈ میپ کا بنیادی ڈھانچہ تیار تھا،مگر بھارتی وزیر خارجہ نے بات چیت کی بحالی کے لیے حتمی منظوری سے معذوری ظاہر کر دی۔بھارتی وزیر خارجہ کے بقول وہ کشمیر،سیاچن اور علاقائی سلامتی پر بات چیت کے لیے ٹائم فریم نہیں دے سکتے،انہیں اپنی حکومت سے اجازت لینی ہو گی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ تجارت،ثقافت،ویزہ مسائل، قیدیوں کے تبادلے اور انسداد دہشت گردی پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 31217
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش