0
Thursday 21 Nov 2013 03:27
مقدمات خصوصی عدالتوں میں بھجوائے جائیں

سانحہ راولپنڈی پولیس انتظامیہ کی غفلت و نااہلی کا نتیجہ ہے، نواز شریف

سانحہ راولپنڈی پولیس انتظامیہ کی غفلت و نااہلی کا نتیجہ ہے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی پولیس اور انتظامیہ کی غفلت اور نااہلی کا نتیجہ ہے، اُنہوں نے نفرتوں پر مبنی وال چاکنگ ختم اور لاوٴڈ اسپیکر کا غلط استعمال بند کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیرصدارت ملک کی امن و امان اور سلامتی کی صورت حال پر غور کیلئے اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، آئی جی پنجاب پولیس اور دیگرحکام شریک ہوئے۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے ملک کی اندرونی بیرونی سکیورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
 
آئی جی پنجاب خان بیگ نے سانحہ راولپنڈی کی ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی، جس کے مطابق 11 افراد جاں بحق اور 56 زخمی ہوئے، تمام ہلاکتیں فائرنگ سے ہوئیں، کوئی شخص لاپتہ نہیں۔ مختلف ویڈیو فوٹیجز کی مدد سے 9 ملزمان کو گرفتار کرکے تحقیقات جاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہنگامے کے دوران پولیس کا خاموش رہنا مجرمانہ غفلت، نفرت آمیز تقاریر، فائرنگ اور پتھراو ناقابل برداشت جرائم ہیں۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سوشل میڈیا کے ذریعے عوام میں نفرت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے نئے سائبر قوانین پر مبنی مسودہ چند روز میں منظوری کے لیے بھجوایا جائے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کی حفاظت کے لیے موثر اقدامات ہر صورت یقینی بنائیں، کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

دیگر ذرائع کے مطابق خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری مقدمات تیار کرکے خصوصی عدالتوں میں بھجوائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان پر اثر انداز ہونے والوں کے خلاف قانون کا شکنجہ سختی سے کسا جانا چائیے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے سانحہ راولپنڈی پر اجلاس کے شرکاء کو بریفینگ دی اور واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلٰی پنجاب نے واقعہ کے ذمہ دران کے خلاف اب تک کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور شرکاء کو صوبے میں مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے پنجاب حکومت کی طرف سے کیے جانے والے اقدام سے آگاہ کیا۔ وزیراعلٰی پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں حالات مکمل کنٹرول میں ہیں۔ اجلاس میں حساس اداروں کے سربراہ، وزارت داخلہ کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم سانحہ راولپنڈی کو بڑی سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور اس حوالے سے سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 323066
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش