0
Thursday 5 Dec 2013 11:01

ڈیرہ مراد جمالی، 13 مزدوروں کو نامعلوم افراد نے ویگن سے اتار کر اغواء کرلیا

ڈیرہ مراد جمالی، 13 مزدوروں کو نامعلوم افراد نے ویگن سے اتار کر اغواء کرلیا

اسلام ٹائمز۔ صدر پولیس تھانہ کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد نے پنجاب سے اوچ پاور پلانٹ ڈیرہ مراد جمالی میں مزدوری کیلئے آنے والے 13 مزدورں کو گن پوائنٹ پر مسافر ویگن سے اتار کر اغواء کر لیا۔ واقعہ کے بعد پولیس سکیورٹی فورسز نے اوچ پاور پلانٹ کی سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا۔ اوچ پاور ٹو میں کام کرنے والی غیر مقامی کمپنی ڈسیکون (DESCON) کے ایڈمن آفیسر نے مزدورں کے اغواء کی تصدیق کرتے ہوئے صدر پولیس تھانہ میں مغویوں کی بازیابی کیلئے درخواست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے قریب چھ کلومیڑ فاصلے پر اوچ پاور پلانٹ ٹو کی تعمیر غیر ملکی کمپنی ڈسیکون (DESCON) کر رہی ہے۔ جس کے مزدور پنجاب کے مظفر گڑھ کے علاقے کوٹ ادو سے مزدوری کرنے کیلئے جیکب آباد سے مسافر ویگن کے ذریعے ڈیرہ مراد جمالی آرہے تھے کہ صدر پولیس تھانہ کی حدود منگولی کے مقام قومی شاہراہ سے نامعلوم مسلح افراد نے محمد یونس عبدالروف، مجاہد علی سمیت 13 مزدورں کو گن پوائنٹ پر مسافر ویگن سے اتار کر اغواء کر لیا۔ جن کا تعلق پنجاب سے ہے اور وہ اوچ پاور پلانٹ ڈیرہ مراد جمالی میں مزدوری کرنے کیلئے آ رہے تھے۔ واقعہ کے بعد پولیس سکیورٹی فورسز نے اوچ پاور پلانٹ کی سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا ہے۔ اوچ پاور ٹو میں کام کرنے والی غیر مقامی کمپنی ڈسیکون (DESCON) کے ایڈمن آفیسر محمد نعیم نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ مزدور ڈسیکون کمپنی میں مزدوری کی غرض سے پنجاب سے آرہے تھے، جن کو منگولی کے مقام پر اغواء کیا گیا ہے۔ صدر پولیس تھانہ میں مغویوں کی بازیابی کیلئے درخواست دے دی ہے۔ دریں اثناء قائم مقام ڈی پی او نصیرآباد فاروق احمد نے بتایا کہ ڈسیکون (DESCON) کے ایڈمن آفیسر محمد نعیم کی درخواست پر پولیس نے کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم حدود کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے مقدمہ درج نہیں ہوسکا ہے۔

خبر کا کوڈ : 327567
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش