0
Tuesday 10 Dec 2013 15:21

ڈرون حملے روکنے کیلئے قومی اسمبلی میں ایک اور قرارداد متفقہ طور پر منظور

ڈرون حملے روکنے کیلئے قومی اسمبلی میں ایک اور قرارداد متفقہ طور پر منظور
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی نے ڈرون حملوں کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی، تخفیف غربت کیلیے حکومت کو اقدامات اٹھانے اور ساہیوال میں زرعی یونیورسٹی کے قیام کی قراردادیں بھی منظور، ایوان نے غیر ملکی شراب کی فروخت پر پابندی کی قرارداد مسترد کر دی۔ ڈرون حملوں کے خلاف قرارداد جماعت اسلامی کی نعیمہ کشور نے ایوان میں پیش کی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے خلاف ہیں، یہ حملے عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی خلاف ورزی ہیں، ایوان نے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈرون حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ پوری قوم ڈرون حملوں کے خلاف ہے، ڈرون حملوں کا معاملہ ہر فورم پر اٹھائے گا، انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر کسی جماعت کو جذباتیت اور اپنی دکانداری نہیں چمکانی چاہئے، عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ تیس ارکان کی جماعت کو قومی معاملات پر فیصلہ نہیں کرنا چاہئے۔ 

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عارف علوی نے کہا کہ پوری قوم ڈرون حملوں کے خلاف ہے، تحریک انصاف ڈرون حملوں پر دکانداری نہیں چمکا رہی، سیاسی دکانداری چمکانے کے الزامات کی مذمت کرتے ہیں، ڈرون حملے روکنے کیلیے ہمارے پاس نیٹو سپلائی بند کرنے کا ہتھیار ہے، احتجاج ہمارا حق ہے، نیٹو سپلائی روکیں گے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں ڈرون حملوں پر صرف بیس سیکنڈ بات کی۔ قومی اسمبلی نے تخفیف غربت پر حکومت کو اقدامات اٹھانے اور ساہیوال میں زرعی یونیورسٹی کے قیام کی قراردادیں بھی منظور کر لیں جبکہ غیر ملکی شراب کی فروخت پر پابندی لگانے کی قرارداد مسترد کر دی، قرارداد مسلم لیگ نون کے چوہدری حامد حمید نے پیش کی۔۔
خبر کا کوڈ : 329217
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش