0
Sunday 29 Dec 2013 10:27

زرداری کا مجید حکومت کی کارکردگی پر اظہار اطمینان

زرداری کا مجید حکومت کی کارکردگی پر اظہار اطمینان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے حکومت آزادکشمیر کی کارکردگی پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر کابینہ کے تمام جملہ وزراء کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پارٹی کے غریب کارکنوں کے حقوق کیلئے کام کریں۔ دیانتداری، محنت اور لگن کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قومی و سیاسی ذمہ داریاں ہیں جو شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کے ویژن اور بصیرت کے مطابق ادا کرنی ہیں۔ شریک چیئرمین نے ہدایت کی کہ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنایا جائے کارکنوں اور عوام کیلئے 24گھنٹے ایوان اقتدار کے دروازے کھلے رہنے چاہیں۔ آصف علی زرداری نے کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان خیالات کا اظہار شریک چیئرمین و سابق پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے نوڈیرو میں پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کی صدارت آصف علی زرداری نے کی جبکہ پیپلزپارٹی کی سیاسی امور کی انچارج فریال تالپوربھی اس موقع پرموجود تھیں۔ آصف زرداری نے پارٹی کے تنظیمی امور کے حوالے سے ہدایت کی کہ وارڈ، تحصیل،سٹی و ضلع اور ڈویژن کی سطح پر کنونشن منعقد کرکے پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنائیں۔ آصف زرداری نے اس موقع پر آزادکشمیر میں تعمیروترقی، میڈیکل کالجز کے قیام اور تعلیمی اداروں کے فروغ سمیت جامعہ اقدامات پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی حکومتی کارکردگی کو سراہا۔ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہا۔ 

اجلاس میں صدر آزادکشمیر سردارمحمدیعقوب خان، وزیراعظم چوہدری عبدالمجید، اسپیکر سردار محمد غلام صادق، سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین، وزیرخزانہ و ہائیڈرل چوہدری لطیف اکبر، وزیرصحت سردارقمرزمان، ڈپٹی سپیکر شاہین کوثرڈار، وزیرتعلیم کالجز محمدمطلوب انقلابی، وزیرہاؤسنگ چوہدری پرویز اشرف، وزیربرقیات فیصل راٹھور، وزیرقانون اظہرگیلانی، وزیرتعلیم میاں عبدالوحید، وزیرسیاحت عبدالسلام بٹ، وزیرتعمیرات عامہ چوہدری رشید، وزیرخوراک جاوید بڈھانوی، چیئرمین پبلک اکونٹس کمیٹی سردارعابد حسین عابد، سینئرمشیرچوہدری محمدریاض، مشیران حکومت چوہدری الیاس، راجہ مبشر اعجاز اور راجہ ساجد نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں مختلف قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کی گئیں۔ ان قراردادوں میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہیدجمہوریت بینظیر بھٹو کی انسانی حقوق، جمہوریت،امن و آزادی کیلئے لازوال جدوجہد اور قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں بلاول بھٹو، آصف زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اخترحسین ربانی کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انکی عوامی حقوق کیلئے جدوجہد کو سلام پیش کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 335301
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش