0
Wednesday 25 Jun 2014 08:56

وادی نیلم کے مسائل حل کرنے کے لیے بجٹ میں اضافی رقم مختص کی جائے، عبدالرشید ترابی

وادی نیلم کے مسائل حل کرنے کے لیے بجٹ میں اضافی رقم مختص کی جائے، عبدالرشید ترابی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی وادی نیلم کے عوام کی اس وقت سے خدمت کر رہی ہے جب یہاں آنے سے بھی لوگ ڈرتے تھے۔ ہندوستان کی گولیوں کی پروا کیے بغیر جماعت اسلامی اور اس کے دیگر ادارے یہاں کے عوام کی بے لوث خدمت کرتے رہے ہیں، سکولز، واٹر ٹینگ، مساجد، بچوں کے وظائف اور خواتین کو ہنرمند بنانے کے لیے جماعت اسلامی اول روز سے یہاں مصروف ہے۔ یہاں کے عوام کی قربانیاں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں سے کسی طور کم نہیں ہیں۔ ان خیالات اظہار انھوں نے جماعت اسلامی ضلع نیلم کے زیراہتمام دو روزہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر محمودالحسن چودھری، امیر ضلع نیلم ممتاز حسین پائر سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

عبدالرشید ترابی نے کہاکہ حکومت کو بار بار توجہ دلائی ہے کہ وہ وادی نیلم کے مسائل حل کرنے کے لیے بجٹ میں اضافی رقم مختص کرے مگر تاحال یہاں کے عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی اول روز سے یہاں خدمت کر رہی ہے، اپنی این جی اوز اور اداروں کے ذریعے مسائل کم کرنی کی کوشش کر رہی ہے مگر یہاں اتنے مسائل ہیں کہ ان کو حل کرنے کے لیے حکومتی وسائل چاہیے جو جماعت اسلامی کے پاس نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا ہندوستان کی آئے روز گولہ باری سے یہاں کے عوام شدید مسائل کا شکار رہتے ہیں، یہاں سہولیات کا فقدان ہے، لوگوں کو اپنے عزیزوں سے رابطہ کرنے کے لیے فون کی سہولت تک موجود نہیں ہے۔ یہاں کے عوام کو موبائل کی سہولت فراہم کی جائے، سڑکیں، ہستپال، سکول اور کالجز نہ ہونے کے باعث یہاں عوام حالات کے اللہ کے رحم و کرم پر ہیں، ہسپتال نہ ہونے کے باعث اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سکولز اور کالجز نہ ہونے کے باعث جہالت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جو لوگ جہالت اور موت کے منہ میں رہ رہے ہوں ان کے لیے سہولیات کا بندوبست کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ علاقے قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں، ان وسائل پر تو سب کی نظر ہے مگر مسائل پر کسی کی نظر نہیں ہے، یہ علاقے دفاعی حصار ہیں۔ انھوں نے کہا جماعت اسلامی مودی کے عزائم بھی ناکام بنائے گی اور عوام کے مسائل بھی حل کرے گی، کشمیر کی آزادی اور حقیقی تبدیلی کا ایجنڈا جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ عوام اس کے دست و بازو بنیں تاکہ کشمیر کو آزاد کروایا جائے اور یہاں کے مسائل بھی حل ہوں۔ رمضان لمبارک کے موقع پر ایک ایک گھر اور فرد تک دین کی دعوت پہنچائیں خود بھی اس پر عمل کریں اور دوسروں کو بھی اس طرف رغب کریں۔
خبر کا کوڈ : 394864
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش