0
Friday 17 Oct 2014 19:15

عوامی شعور کی بیداری ہی انقلاب ہے، بشارت جسپال

عوامی شعور کی بیداری ہی انقلاب ہے، بشارت جسپال
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر چودھری بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ ملتان کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار جاوید ہاشمی کی شکست اور پیپلز پارٹی کے جاوید صدیقی کی ضمانت ضبط ہونے کے بعد کسی کو شک نہیں رہنا چاہیے کہ انقلاب آ چکا ہے۔ عوام نے دونوں مبینہ طور پر کرپٹ سیاسی جماعتوں اور لوٹا سیاست کے سرخیل جاوید ہاشمی کو مسترد کر دیا ہے۔ فیصل آباد سے لاہور پہنچنے پر عوامی سیکرٹریٹ پنجاب میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے بشارت جسپال نے کہا کہ عوام نے جاوید ہاشمی کو مسترد کر کے پیغام دے دیا ہے کہ دھرنا اور انقلاب کامیاب رہے ہیں جبکہ مک مکا کی سیاست دم توڑ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد انقلاب پر الزامات عائد کرنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ ریاض کو بھی ملتان میں جاوید صدیقی کی شکست سے اپنی پارٹی کی اوقات یاد آ گئی ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی کرپٹ سیاست دم توڑ چکی ہے جبکہ ضمنی انتخابات سے واضح ہو گیا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ دھاندلی سے انتخابات جیتے جو اب ممکن نہیں رہا۔ لوگوں میں شعور بیدار ہو گیا ہے۔

بشارت جسپال نے کہا کہ جاوید ہاشمی نے اپنی شکست تسلیم کر کے اچھا کیا ہے اور دھاندلی کا الزام عائد نہیں کیا۔ مسلم لیگ ن کو بھی عام انتخابات میں دھاندلی کو تسلیم کر کے اقتدار سے الگ ہو کر عوام کی جان چھوڑ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کی تحریک جاری رہے گی اور دنیا دیکھے گی کہ ڈاکٹر طاہرالقادری قوم کی تقدیر بدلیں گے۔ انقلاب در اصل عوامی شعور کی بیداری ہے۔ جو پاکستان کے ہر طبقے میں اس وقت نظر آ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کی طرح مینار پاکستان پر بھی 19 اکتوبر کو پھر انسانی سروں کا سمندر امڈ آئے گا۔ بشارت جسپال نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک جیسے کارکن کسی سیاسی جماعت کو میسر نہیں، جو دھوپ دیکھتے ہیں اور نہ ہی سردی، ہاتھوں میں کفن لئے اپنے قائد کے حکم پر ڈٹ جانے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور لوگوں کو ان کے سیاسی حقوق شعور کی بیداری سے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 415094
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش