0
Wednesday 19 Nov 2014 16:52

عمران خان کیخلاف سندھ اسمبلی میں مذمتی قرار داد منظور

عمران خان کیخلاف سندھ اسمبلی میں مذمتی قرار داد منظور
اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف سندھ کی عوام کو غلام کہنے پر مذمتی قرار منظور کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر وزیر نثار کھوڑو نے عمران خان کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے لوگوں کو غلام کہنا قابل مذمت ہے، عمران خان کا بیان ان کی ذہنی پستی کا عکاس ہے۔ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ سابق صدر مملکت پرویز مشرف کیلئے ووٹ مانگنے والے عمران خان کا کیا کہیں، انہوں نے سندھ کی عوام کے شعور پر حملہ کیا اور وہ سندھی عوام کو اپنا غلام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران شاہ محمود قریشی سے کیوں نہیں کہتے کہ اپنے مریدوں سے کہیں کہ ہاتھ پیر نہ چھوؤ۔
 
نثار کھوڑو نے کہا کہ سرمایہ داری کا طعنہ دینے والا خود جہاز کے بغیر اڑان نہیں بھرتا، سندھ کے عوام کو گالی دی جا رہی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سندھ کے باسیوں سے فوری معافی مانگیں، بصورت دیگر انہیں بنی گالہ سے نہیں نکلنے دیں گے۔ اجلاس کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری نے قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے بیان سے سندھ کے باسیوں کی دل آزاری ہوئی، اس لئے ان الفاظ کو فوری واپس لیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو برا کہنے والے ہی آج سیاست کے شہسوار بنے ہوئے ہیں، سیاسی مخالفت اپنی جگہ کسی کو عوام دشمن قرار دینا اور الزام تراشی مناسب نہیں، اس لئے سب کو احتیاط کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 420375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش