0
Monday 14 Feb 2011 14:49

ایم کیو ایم،ق لیگ آئندہ عام انتخابات میں مشترکہ امیدوار لانے،عوامی کے مسائل حل اور دہشت گردی کے خاتمے پر متفق

ایم کیو ایم،ق لیگ آئندہ عام انتخابات میں مشترکہ امیدوار لانے،عوامی کے مسائل حل اور دہشت گردی کے خاتمے پر متفق
لاہور:اسلام ٹائمز-مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم نے دہشت گردی کے خاتمے، عوامی مسائل حل کرنے اور قومی ایشو پر ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے یہ اتفاق چوہدری شجاعت حسین اور ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر فاروق ستار کے درمیان ملاقات میں ہوا، متحدہ کے وفد میں بابر غوری، رضا ہارون، وسیم آفتاب، سیف یار خان اور افتخار رندھاوا شامل تھے جبکہ اس موقع پر ق لیگ کے چوہدری پرویز الٰہی، چوہدری ظہیرالدین، چوہدری وجاہت حسین، کامل علی آغا اور راجہ بشارت بھی موجود تھے۔ چوہدری برادران کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں متحدہ کے وفد نے ق لیگ کے رہنماؤں کو 10اپریل کو مینار پاکستان پر ہونے والے جلسہ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پنجاب اور ملک کے سیاسی حالات اور ایم کیو ایم کے جلسہ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعدازاں ق لیگ کی طرف سے متحدہ کے وفد کو مسلم لیگ ہاؤس میں استقبالیہ دیا گیا، جس کے بعد ایک جلسہ بھی منعقد کیا گیا، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ ایم کیو ایم کیساتھ قومی یکجہتی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر کھڑے ہیں۔ شہباز شریف خود ہی حکمران ہیں اور خود ہی انقلاب کی باتیں کرتے ہیں، میثاق جمہوریت پر دستخط کرنے والے مکر گئے۔ لیکن ہم متحدہ کے ساتھ تحریری معاہدہ نہیں کرینگے، بلدیاتی انتخابات نہایت ضروری ہیں، لیکن ن لیگ والے نہیں کرائینگے کیونکہ ان کو اپنی اوقات یاد آجائے گی۔ اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے دل لاہور میں دونوں جماعتوں نے ورکنگ ریلیشن شپ کی نئی مثال قائم کی ہے۔ متحدہ صرف سیاسی جماعت ہی نہیں بلکہ اس کی نبض عام آدمی کے مسائل حل کرنے کیلئے ہمہ وقت دھڑکتی ہے۔ ایک ایک ہزار ایکڑ کے محلات میں رہنے والے کیا انقلاب لائینگے۔ 
فاروق ستار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ کے بغیر وفاقی حکومت نہیں بن سکتی جبکہ پنجاب حکومت کیلئے ق لیگ لازم ہے، دونوں جماعتیں پہلے کنگ میکر تھیں اب سیاسی کنگ پیدا کریں گی آئندہ کا وزیراعظم بھی ہم میں سے ہی ہو گا۔ بیلٹ کے ذریعے انقلاب کے حامی ہیں، لیکن اگر رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو پھر عوام مصر اور تیونس جیسا انقلاب لانے میں حق بجانب ہونگے، بابر غوری نے پنجابی میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کے القابات سے یاد کرنے والوں کا مقصد ہے کہ ہم آپس میں لڑتے رہیں اور ان کی فیکٹریاں چلتی رہیں۔ متحدہ نے پاکستان بنایا وہی بچائے گی۔ جلسہ میں وقفے وفقے سے شجاعت الطاف بھائی بھائی کے نعرے لگتے رہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ اگر متحدہ اور ق لیگ اکٹھی ہوگئیں تو کئی لوگوں کی فیکٹریاں بک جائیں گی۔
آج نیوز کے مطابق مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کے درمیان صوبوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے اور آئندہ عام انتخابات میں مشترکہ امیدوار لانے پر اتفاق ہو گیا۔ لاہور میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر فاروق ستار، بابر غوری، رضا ہارون، وسیم آفتاب اور واسع جلیل نے مسلم لیگ ق کے رہنماوٴں چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی سے ملاقات کی۔ جس میں سندھ اور پنجاب کے عوام میں بھائی چارے کے فروغ کے لئے دونوں جماعتوں کے مشترکہ جلسے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتیں قومی مفاہمت کے لئے کوشاں ہیں اور عوامی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لئے اب پل کا کردار ادا کریں گی۔ الیکشن میں دونوں جماعتیں مشترکہ امیدوار لائیں گی۔ اس موقعے پر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مفاہمت کی سیاست کو فروغ دینا ضروری ہے۔

خبر کا کوڈ : 54746
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش