0
Saturday 7 May 2011 15:24

ایبٹ آباد آپریشن،امریکی اسرائیلی سازش و ملکی سالمیت کے خلاف کھلی جارحیت ہے، کوئٹہ میں دہشتگردی امریکی گماشتوں کی کاروائی ہے،ایم ڈبلیو ایم

ایبٹ آباد آپریشن،امریکی اسرائیلی سازش و ملکی سالمیت کے خلاف کھلی جارحیت ہے، کوئٹہ میں دہشتگردی امریکی گماشتوں کی کاروائی ہے،ایم ڈبلیو ایم
کراچی:اسلام ٹائمز۔ ایبٹ آباد میں ہونے والا حملہ پاکستان کے خلاف امریکی و اسرائیلی سازشوں کا شاخسانہ اور پاکستان کی سالمیت کے خلاف کھلی جارحیت ہے، اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں امریکی و صہیونی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت نے پاکستانی عوام کی ناموس کو مجروح کر دیا ہے، کوئٹہ میں دہشتگردانہ کاروائی میں آٹھ بے گناہ شیعہ مسلمانوں کی شہادت امریکی گماشتوں کی کاروائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل محمد مہدی، مولانا صادق رضا تقوی اور سلمان حسینی نے ملیر میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں مظاہرین نے شرکت کی اور ہاتھوں میں امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور، سمیت افواج پاکستان کی حمایت اور مشرق وسطیٰ میں چلنے والی انقلابی تحریکوں کی حمایت میں نعروں پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ بحرین میں سعودی جارحیت کے خلاف بھی نعرے درج تھے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں امریکی دہشت گردوں کی کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ملکی سالمیت اور خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے، افواج پاکستان اور حکمران امریکا اور سامراجی ایجنٹوں کے اصل اور مکروہ ترین چہرے کو پہچان لیں اور اپنا دامن ان سے چھڑا لیں اور ملکی استحکام کے لئے واضح اور جامع حکمت عملی وضع کریں، ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی شروع کردہ دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ میں اب تک پاکستانی قوم نے چالیس ہزار سے زائد نوجوانوں کی شہادت کا غم برداشت کیا ہے جبکہ امریکی طالبان دہشت گرد القاعدہ، امریکا کے لئے نہیں بلکہ پاکستان کی سلامتی اور پاکستانیوں کے لئے خطرہ بن چکی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ امریکی ایجنٹ اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں ہلاکت اور امریکی دہشت گرد افواج کی کاروائی سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ امریکی سامراج پاکستان کا خیر خواہ نہیں بلکہ کھلا دشمن ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے رہنماؤں نے کوئٹہ میں دہشت گردانہ کاروائی میں شہید ہونے والے آٹھ شیعہ بے گناہوں کی شہادت پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی دہشت گردانہ کاروائیوں میں امریکی گماشتے ملوث ہیں جن کا مقصد پاکستان میں عدم استحکام کو فروغ دینا اور انارکی پھیلانا ہے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے بحرین میں جاری اسلامی بیداری کی تحریک کی بھرپور حمایت کی اور بحرین میں سعودی افواج کی جارحیت کے نتیجہ میں درجنوں مساجد کی شہادت سمیت سینکڑوں پرامن مظاہرین کی مظلومانہ شہادت پر سعودی جارح افواج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کیا سعودی افواج کو فلسطین میں صہیونی مظالم نظر نہیں آتے، جہاں فلسطینیوں کو نجات دلائی جائے۔ آخر آل سعود کیوں نہیں فلسطین کی آزادی کے لئے جدوجہد کرتے، بلکہ امریکی مفادات کی خاطر مسلمانوں کے خون سے اپنے ہاتھوں کو رنگ رہے ہیں، اس موقع پر مظاہرین نے امریکا، اسرائیل اور آل سعود کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور امریکی و صہیونی پرچم بھی نذرآتش کئے۔
خبر کا کوڈ : 70310
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش