0
Monday 16 May 2011 21:21

ملک و قوم کی تقدیر بدلنے اور امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کا وقت آ گیا، صاحبزادہ فضل کریم

ملک و قوم کی تقدیر بدلنے اور امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کا وقت آ گیا، صاحبزادہ فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی قرارداد پر عمل سے پاکستان کا کھویا ہوا وقار بحال ہو سکتا ہے۔ اگر قرارداد پر عمل نہ ہوا تو جمہوریت اور پارلیمنٹ تماشا بن کر رہ جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک بھر سے عیادت کے لیے آنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے اور امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کا وقت آ گیا ہے، حکمران امریکہ کی اقتصادی پابندیوں سے نہ ڈریں، واشنگٹن کی فرمانبرداری ترک کر دیں، اور قومی سلامتی و ملکی خودمختاری کے تحفظ کے تقاضے پورے کرنے کے لئے دلیرانہ فیصلے کریں، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ اگر تین پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو امریکہ بھجوانے کی بجائے عدالت کے ذریعے قرارواقعی سزا دلانے کے لیے جرات و ہمت سے کام لیا جاتا تو امریکہ کو پاکستان کی قومی سلامتی و خودمختاری کی اس طرح دھجیاں بکھیرنے کی جرات نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کو سجدہ گاہ بنانے والے حکمرانوں کو قوم زیادہ دیر برداشت نہیں کرے گی۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پاک سرزمین پر جہاں جہاں بھی امریکی ایجنسیوں کا نیٹ ورک موجود ہے اسے اکھاڑ کر واپسی کا راستہ دکھایا جائے اور آئندہ کسی ڈرون کے پاکستانی حدود میں گھسنے پر اسے فی الفور مار گرایا جائے اور نیٹو کی سپلائی لائن بھی بند کر دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 72342
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش