0
Tuesday 12 Jul 2011 18:25

دہشتگردی کیخلاف جنگ اپنے وسائل سے لڑیں گے، کرم ایجنسی میں آپریشن کا مقصد علاقے کو عسکریت پسندوں سے پاک کرنا ہے، کور کمانڈر کانفرنس

دہشتگردی کیخلاف جنگ اپنے وسائل سے لڑیں گے، کرم ایجنسی میں آپریشن کا مقصد علاقے کو عسکریت پسندوں سے پاک کرنا ہے، کور کمانڈر کانفرنس
راولپنڈی:اسلام ٹائمز۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں عزم ظاہر کیا گیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ قومی مفاد میں ملکی وسائل سے لڑی جائے گی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویزکیانی کا کہنا تھا کہ مہمند ایجنسی کے بے گھر ہونے والوں کی واپسی یقینی بنائی جائے۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی زیرصدارت فوج کے کورکمانڈروں کا اجلاس ہؤا، جس میں شرکاء کو ملک میں امن وامان کی صورت حال اور کرم اور مہمند ایجنسیوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فوج کی دفاعی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جنرل اشفاق پرویز کیانی نے مہمند ایجسی میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کو سراہا۔ انکا کہنا تھا کہ کرم ایجنسی میں آپریشن کا مقصد علاقے کو عسکریت پسندوں سے پاک کرنا ہے، تاکہ اغواء کی وارداتیں اور مقامی افراد کا قتل روکنے کے ساتھ ساتھ بالائی کرم سے ملانے والی سڑک کھولی جاسکے۔ اجلاس میں مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
 دیگر ذرائع کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ایک سو چالیسویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ شدت پسندی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، اجلاس کے شرکاء کو ملکی مجموعی سکیورٹی کی صورتحال بالخصوص کرم اور مہمند ایجنسیوں میں جاری آپریشنز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کہنا تھا کہ کرم ایجنسی میں آپریشن دہشت گردوں، اغواء کاروں، مقامی عمائدین کے قاتلوں اور اپر اور لوئر کرم کو ملانے والی سڑک بلاک کرنے والوں کے خلاف ہے، اس سلسلے میں مقامی قبائل کی حمایت قابل قدر ہے۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قومی مفاد میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے وسائل سے ہی لڑی جائے گی۔ اجلاس میں مون سون کے دوران متوقع سیلاب کے پیش نظر کئے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 84549
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش