0
Tuesday 12 Jul 2011 22:52

ورکرز ویلفیئر فنڈ اور ای او بی آئی کو "آئی پی سی" کے انتظامی اختیار میں دینا خوش آئند ہے، شیر اعظم وزیر

ورکرز ویلفیئر فنڈ اور ای او بی آئی کو "آئی پی سی" کے انتظامی اختیار میں دینا خوش آئند ہے، شیر اعظم وزیر
پشاور:اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر محنت شیر اعظم وزیر نے کہا ہے کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ اور ای او بی آئی (EOBI) جیسے مزدور دوست اداروں کو صوبوں کی بجائے آئی پی سی کے انتظامیئے آئی پی سی کے انتظامی اختیار میں دینے کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے جس سے نہ صرف خیبر پختونخوا کے محنت کشوں کابھلا ہوگا بلکہ پورے ملک بالخصوص چھوٹے صوبوں کے مزدوروں کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا اور ان کے فلاحی منصوبے متاثر ہونے سے بچ جائیں گے۔ انہوں نے پشاور میں میڈیا کے نمائندوں کے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھی جمہوریت کا ثمر ہے کہ ہماری حکومت نے صوبائی خود مختاری کے وعدے کو عملی طور پر نہ صرف سچ کر دکھایا ہے بلکہ اس پر عمل درآمد بھی مکمل ہو گیا ہے کیونکہ جون ہی کے مہینے میں 30 مرکزی وزارتوں کو صوبوں کو مکمل منتقلی پایہ تکمیل تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ اگرچہ وزارت محنت کی صوبوں کو منتقلی سے سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخوا کے غریب محنت کشوں کو ہو گا کیونکہ صوبائی حکومت کی آمدن اور مالی وسائل نہایت محدود ہیں لہٰذا صوبائی حکومت محنت کشوں کی فلاح و بہبود پر صرف کروڑوں روپے خرچ کرتی ہے جبکہ ورکرز ویلفئیر فنڈ ہمیں ہر سال اربوں روپے کے فلاحی فنڈز فراہم کرتا ہے جبکہ اس کی منتقلی سے اربوں روپے کے فنڈز خطرے میں پڑ جاتے اور یوں خیبر پختونخوا کے محنت کشوں کے فلاحی اداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ تھا لیکن اسکے باوجود جمہوریت کا استحکام اور صوبوں کی خود مختیاری پی پی پی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے اس موقع پر قوم کے بہتر مستقبل کے لئے نیک امیدوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں جلد فراہم کی جائیں گی اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے کاموں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی بلکہ پیپلز پارٹی اور اتحادیوں نے یہ پختہ عزم کر رکھا ہے کہ جمہوری نظام کے استحکام کے لئے اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے جمہوری جدو جہد ہر قیمت پر جاری رکھی جائے گی۔ چاہے ہمیں اس سلسلے میں کتنی ہی قربانیاں اس راہ میں کیوں نہ دینی پڑیں لیکن عوامی اور جمہوری ایجنڈے کو منزل مقصود تک پہنچا کر ہی ہم دم لیں گے۔ انہو ںنے اس موقع پر مزید کہا کہ قوموں کی ترقی کے لئے جمہوریت اورجمہوری نظام اہم بنیاد ہے اگر باہم متحد ہوکر اورایک قوم بن کر جمہوریت کی راہ پر پوری استقامت سے  چلا جائے تو منزل کاکامیابی سے حصول ہمارا مقدر ہوگا اور ملک اورصوبے کی ترقی وخوشحالی کی ضمانت آسانی سے دی جاسکتی ہے ہماراجتنا نقصان ماضی میں ہوا وہ جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنے،جمہوریت پسندقائدین کو شہید کرنے اور آمریت پسند ڈکٹیٹروں کے ذاتی مفادات کے حصول کی خاطر آئین و قانون کو پس پشت ڈال کر ملک و قوم کے مفادات کی سستی سودے بازی کی بدولت ہوا۔ لیکن اب آئندہ کسی بھی طالع آزماکو ایسا موقع کبھی نہیں دیا جائیگا۔ کیونکہ پارلیمنٹ نے اٹھارویں آئینی و جمہوری ترمیم کے ذریعے قومی اتفاق رائے سے آمروں کاراستہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند کر دیا ہے۔انہوں نے اس موقع پر مزید کہاکہ مفاہمت کی سیاست کو شروع کرنا اور جاری رکھنا پیپلز پارٹی کی کمزوری نہیں بلکہ یہ تو ملکی اور قومی مفاد کے تحت کی جا رہی ہے اور اس مفاہمت کی پالیسی اور سب سیاسی و جمہوری قوتوں کو ساتھ لیکر چلنے کی ہماری قائدین کی ویژن ہی ہے جس کی بدولت بڑے بڑے قومی مفاد کے ثمرات کا حصول ممکن ہوا ہے جن میں صوبوں کی خود مختاری صوبوں کو اہم وفاقی وزارتیں منتقل کرنا قومی ہم آہنگی پیدا کرکے متفقہ این ایف سی مالیاتی ایوارڈ کا اعلان اور 18ویں 19ویں ترامیم کے علاوہ جمہوری اداروں کا استحکام اور  آزاد عدلیہ کا قیام جیسے اہم قومی فائدے شامل ہیں۔
بعدازاں انہوں نے اس موقع پر کہا کہ یہ ان کی مسلسل بھاگ دوڑ کا نتیجہ ہے کہ آج صوبہ خیبر پختونخوا کے صنعتی کارکنوں اور محنت کشوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے فلاحی ترقیاتی منصوبے تعمیراتی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں جنہیں صوبے کے عوام عنقریب عملی شکل میں دیکھ سکیں گے اور تعمیر و تکمیل کے مختلف مراحل طے کرنے کے بعد صوبے کے محنت کش ان منصوبوں سے فائدہ بھی اٹھائیں گے بلکہ ان کے بچے اور اہل و عیال بھی ان ترقیاتی منصوبوں کے فوائد حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے سیاست غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کی تھی ورنہ ان کی عمر کے ریٹائرڈ سرکاری افسران عمر کے اس حصے میں پرامن اور پر تعیش زندگی گزارنے کو ہی ترجیح دیا کرتے ہیں لیکن میں نے اس کے برعکس خلق خدا کی خدمت کو عبادت سمجھ کر اولین ترجیح دی ہے او ر وہ آئندہ بھی خلق خدا کی خدمت کو اسی جوش و جذبے کے ساتھ زندگی کی آخری سانسوں تک مسلسل جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 84601
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش