0
Wednesday 17 Aug 2011 23:53

سی سی پی اولاہورنے یوم شہادت حضرت علی (ع) پرسیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کاحکم دیدیا

سی سی پی اولاہورنے یوم شہادت حضرت علی (ع) پرسیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کاحکم دیدیا
لاہور:اسلام ٹائمز۔کیپٹل سٹی پولیس چیف احمد رضا طاہرنے یوم شہادت حضرت علی (ع)کے موقع پر نکالے جانے والے مجوزہ جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اورروٹ کاجائزہ لیا جبکہ لاہور پولیس کے افسران اوراہلکاران کو سیکورٹی کے حوالے سے الرٹ رہنے اور اپنے فرائض تندہی کے ساتھ سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز غلام محمود ڈوگر اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔
یہ امرقابل ذکر ہے کہ سی سی پی او لاہور احمد رضا طاہر کی یوم شہادتِ علی(ع) کے موقع پر کیے جانے والے امن وامان کے حوالے سے انتظامات کے ضمن میں بیک گراؤنڈ کے طور پرپہلے ہی اہلِ تشیع اکابرین ، امن کمیٹیوں ، محلہ کمیٹیوں اور لاہور کے تاجران حضرات سے تفصیلی میٹنگز ہو چکی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جلوس کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے سلسلہ میں خفیہ ایجنسیز کے ساتھ بھی ضروری تبادلہِ معلومات کیا جا چکا ہے۔مزید برآں واسااور واپڈا سے قریبی تعاون ،جبکہ قریبی ہسپتالوں اور ریسکیو 1122کے ساتھ کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے ایمولنسوں کو تیار حالت میں رکھنے کیلئے بات چیت بھی مکمل ہو چکی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جلوس کے روٹ پر واقع بلڈنگز کے مالک حضرات اور دکانداروں سے دستخطی سٹریفکیٹ لیے گئے ہیں جس میں ان سے عہد لیا گیا ہے کہ ان بلڈنگز سے امن عامہ میں نقص پھیلانے والی کوئی حرکت نہیں ہو گی۔
اپنے ایک حکم میں سی سی پی او نے لاہور پولیس کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ اس سال یوم علی (ع)کے موقع پر فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایاجائے اور جلوس کے مقررہ راستوں میں بند دکانوں اور مکانات کی تلاشی لی جائے ۔ سی سی پی او نے کہا کہ شرکاء کو میٹل ڈی ٹیکٹر اور واک تھرو گیٹ سے چیک کیا جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوارواقع سے بچنے کیلئے لاہور پولیس اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیے۔
احمد رضاطاہر نے حضرت علی(ع) کے یوم شہادت کے موقع پر شہر بھر میں سیکورٹی کے سخت ترین اور فول پروف انتظامات کے ساتھ جلوسوں کے مقررہ راستوں سے کوڑے کے کنٹینر ز ہٹانے ، بند دکانوں اور مکانات کی تلاشی، شرکاء کو میٹل ڈی ٹیکٹر اور واک تھروگیٹ سے چیک کرنا اور مشکوک افراد اور کھڑی موٹر سائیکلوں پر کڑی نظر رکھنے کا بھی حکم دیا ۔ سی سی پی او نے لاہور پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران کو خصوصی ہدایت کی کہ جلوس کے منتظمین کے ساتھ مل کر خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے ۔
سی سی پی او نے سخت وارننگ دی کہ یوم شہادت علی (ع)کے موقع پرکسی بھی افسر یا اہلکار کی ڈیوٹی سے غفلت اور کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ احمد رضا طاہر نے عوام الناس سے یہ بھی درخواست کی کہ ان کو کسی بھی مشکوک چیز یا مشکوک افراد پر جب بھی شک گزرے تو وہ اس کی فوراً اطلاع ایمرجنسی 15 ، قربان کنٹرول: 99200269 یا ٹریفک کنٹرول 99201910پر دیں، ان کی ہر خفیہ اطلاع ملک و قوم اور اپنے شہر کی بہت بڑی خدمت ہو گی، جبکہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 92628
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش