1
Saturday 27 Jan 2024 20:34

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ کائونٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کی ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیاں، ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈر سمیت 11 دہشتگرد گرفتار، سی ٹی ڈی کی جانب سے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ ان آپریشنز میں سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے 11 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں کارروائیاں کی گئیں، افغانستان سے تربیت یافتہ ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈر کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان سی ڈی ٹی کے مزید کہنا ہے کہ گرفتار ہونیوالے دہشت گردوں سے دھماکہ خیز جیکٹ، آئی ای ڈی بم، حفاظتی فیوز اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔ گرفتار ہونیوالے دہشت گردوں میں گل، شاہ دین، کاظم، نواب، اسامہ، اعجاز، ظہیر اور دیگر شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ دہشت گرد مختلف اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

2۔ گلگت بلتستان میں گندم پر سبسڈی ختم کیے جانے کیخلاف احتجاج 33ویں روز میں داخل، سکردو میں مسلسل احتجاج کے 33 ویں روز عوام کا سمندر امڈ آیا۔ گندم کی قیمت میں اضافے کیخلاف شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے میں گلگت بلتستان میں احتجاج شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے تحت جگہ جگہ لانگ مارچ اور مظاہرے ہو رہے ہیں۔ سکردو میں گذشتہ سال دسمبر کی 24 تاریخ کو احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا، جو آج تینتیسویں روز بھی جاری رہا۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان میں شامل مختلف مکاتب فکر کے جید علماء و مشائخ نے صدر، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف اور گلگت بلتستان کے گورنر اور وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کی محب وطن محنت کش عوام کے اہم ترین بنیادی جائز سبسڈی کے مطالبے کو فی الفور تسلیم کیا جائے۔

3۔ اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ ہیگ ٹربیونل کے فیصلے نے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کو ثابت کر دیا ہے، یہ فیصلہ صیہونی فوج سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ غزہ کا محاصرہ ختم کرے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرے۔ حماس نے کہا کہ یہ فیصلہ غزہ میں ملت فلسطین کے خلاف ہر قسم کی جارحیت کو روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ یہ فیصلہ عالمی برادری کو باور کرواتا ہے کہ اسرائیل کو عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد اور فلسطینی عوام کی قتل و غارت گری سے روکنے کے لیے دباو ڈالا جائے۔ عرب میڈیا ایجنسی سما نیوز نے حماس کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی کہ اس ٹربیونل کا فیصلہ انسانی جرائم میں ملوث صیہونی رہنماوں کے احتساب کا مقدمہ ہے۔ یہ فیصلہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور مہاجرین کی اپنے گھروں میں واپسی کے لئے فلسطینی عوام کے لئے نوشتہ دیوار ہے۔

4۔ جنوبی افریقہ نے کہا ہے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے بعد ہم اسرائیل کیخلاف بیانات نہیں بلکہ کارروائی چاہتے ہیں، جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دیگر ممالک نے ہم سے رابطے کیا اور وہ عالمی ہیگ عدالت میں ہمارے ساتھ ہوں گے۔ بہرحال جنگ بندی کے بغیر غزہ میں انسانی امداد نہیں پہنچائی جا سکتی، ہم اسرائیل کے ردعمل سے حیران نہیں ہوں گے۔ ایک مہینے میں یہ بھی واضح ہو جائے گا کہ کیا اسرائیل بھی بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتا ہے۔ یہاں یہ امر قابل غور ہے کہ نالڈی پینڈورا نے کہا کہ ہم سب کو اسرائیل پر نظر رکھنی چاہیئے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ امریکہ دو ریاستی حل کے لیے موثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس امر کی جانب اشارہ کیا کہ غزہ کی عوام پانی، خوراک، ادویات اور ضروریات زندگی سے محروم ہے۔

5۔ امریکا اور برطانیہ کے یمنی بندرگاہ پر فضائی حملے، رپورٹ کے مطابق حوثیوں کے زیرانتظام المسیرہ ٹی وی کا کہنا ہے کہ امریکا اور برطانیہ نے یمن کے صوبہ الحدیدہ میں بندرگاہ پر فضائی حملہ کیا۔ یہ فضائی حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب گذشتہ روز حوثیوں نے خلیج عدن میں برطانوی تیل بردار جہاز پر میزائل داغے تھے، حملے کے باعث آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ حوثیوں کے ترجمان نے ایک بیان میں واضح کیا تھا کہ غزہ پر اسرائیل اور بحیرہ احمر میں امریکی اور برطانوی جارحیت کے جواب میں حملہ کیا گیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق حوثیوں کے حملے میں جہاز کا عملہ محفوظ رہا۔

6۔ غزہ کے رہائشیوں نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو مسترد کر دیا، شہریوں نے کہا کہ انہیں بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے سے شدید مایوسی ہوئی، جس میں اسرائیل کو چار ماہ سے جاری خوفناک بمباری اور زمینی حملے بند کرنے کا حکم ہی نہیں دیا گیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ میں 26 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید اور تقریباً 19 لاکھ بے گھر ہوچکے ہیں۔ الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے غزہ میں بہت سے لوگوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے سے مایوس ہیں، لیکن حیران بالکل نہیں۔ کیونکہ انہیں نہ عالمی برادری اور نہ ہی عالمی نظام انصاف پر اعتماد ہے، جو اب تک غزہ میں خونریزی کو ختم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان میں وسطی غزہ کے دیر البلاح میں واقع الاقصی شہداء اسپتال کے باہر موجود 54 سالہ احمد النفر بھی شامل ہیں، جنہوں نے بتایا اگرچہ میں بین الاقوامی برادری پر بھروسہ نہیں کرتا، لیکن مجھے ایک چھوٹی سی امید تھی کہ شاید عدالت غزہ میں جنگ بندی کا فیصلہ دے گی، لیکن فیصلہ سن کر میری ساری امیدیں دم توڑ گئیں، یہ ناکام عدالت ہے۔

7۔ امریکا نے ترکی کو ایف 16 جنگی طیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی، رپورٹ کے مطابق امریکا نے ترکیہ کو ایف 16 فراہم کرنے کی منظوری، ترک پارلیمنٹ کی جانب سے سویڈن کو نیٹو کی رکنیت دینے کی اجازت کے بعد دی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کانگریس نے ترکیہ کے ساتھ 23 ارب ڈالر مالیت کے معاہدے کی منظوری دی تھی اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے جمعے کی رات کو ہی اس کی توثیق کردی۔ امریکا نے ترکی کے علاوہ یونان کو 8.6 ارب ڈالر مالیت کے جدید ایف 35 جنگی طیاروں کی فراہمی کی منظوری بھی دی ہے۔ خیال رہے کہ ترکی اور امریکا نیٹو اتحادی ہیں اور یونان مغربی فوجی بلاک کا بھی حصہ ہے، یہی وجہ ہے کہ ترکیہ نے جیسے سویڈن کی نیٹو رکنیٹ کی منظوری کے دستاویزات واشنگٹن کو فراہم کیے، اس کے بعد امریکا نے بھی ایف-16 کی فراہمی کی توثیق کردی، ترکی نے امریکا سے اکتوبر 2021ء میں ایف 16 کے حصول کا معاہدہ کیا تھا، لیکن اس معاہدے پر عمل درآمد سویڈن کی نیٹو رکنیت میں تاخیر کی وجہ سے التوا کا شکار ہوگئی تھی اور امریکی کانگریس نے رکاوٹیں کھڑی کر دی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 1111950
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش