0
Monday 4 Mar 2024 22:34

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ شہباز شریف نے ملک کے 24 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، گارڈ آف آنر پیش، ایوان صدر میں تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، تقریب میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک تھے۔ اس کے علاوہ آصف زرداری، نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی تقریب میں شریک تھے جبکہ مختلف ممالک کے سفیر بھی تقریب حلف برداری کا حصہ تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی حلف برداری کے بعد وزیراعظم ہاوس میں مسلح افواج کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

2۔ پاکستان تحریک انصاف کا مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان، پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کچھ دیر پہلے جو فیصلہ آیا ہے، وہ جمہوریت کی پیٹھ میں آخری خنجر ہے، آرٹیکل 106 ہر صوبائی اسمبلی سائز دیتا ہے، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کا کام سینیٹرز، وزیراعظم اور صدر کا انتخاب کرنا ہوتا ہے اور نامکمل اسمبلیاں ان انتخابات کو مکمل نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کو سیٹیں ابھی نہیں دیں، ہم نے کہا تھا کہ صدر اور وزیراعظم کے الیکشن سے قبل یہ فیصلہ کر دیں۔

3۔ اسرائیل مصر میں غزہ جنگ بندی مذاکرات سے بھاگ کھڑا ہوا، مصر کے دارالحکومت میں ہونے والے غزہ جنگ بندی معاہدے کے لیے اسرائیل نے تاخیری حربے استعمال کرنا شروع کر دیئے۔ غزہ میں 6 ہفتوں کی جنگ بندی کے لیے ہونے والے اسرائیل حماس مذاکرات کا دور مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہونا ہے، جس کے لیے حماس کا وفد بھی پہنچ چکا ہے۔ تاہم اسرائیل روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عین موقع پر مذاکرات سے غائب ہوگیا۔ مذاکرات کے شروع ہونے میں صرف چند گھنٹے باقی ہیں اور اب تک اسرائیلی وفد مصر نہیں پہنچا۔ خیال رہے کہ امریکا کا بھی اصرار رہا ہے کہ رمضان کے آغاز تک غزہ میں جنگ بندی ہو جانا چاہیئے، جس مین صرف ایک ہفتہ باقی ہے۔

4۔ حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل ہماری شرائط تسلیم کرے تو آئندہ 48 گھنٹوں میں جنگ بندی ہوسکتی ہے، حماس کے ایک سینیئر رہنماء نے کہا کہ غزہ میں سیز فائر آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں ہوسکتا ہے، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ اسرائیل مذاکرات میں کچھ شرائط تسلیم کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیل حماس کے ان مطالبات سے اتفاق کرتا ہے، جن میں بے گھر فلسطینیوں کی شمالی غزہ میں واپسی اور انسانی امداد میں اضافہ شامل ہے تو آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں سیز فائر معاہدے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر، قطر اور امریکا نے غزہ جنگ بندی میں ثالثی کے لیے حالیہ ہفتوں میں بات چیت کی ہے، جس کا مقصد تقریبا 5 ماہ سے جاری جنگ کو رکوانا اور انسانی امداد کی تقسیم ہے۔

5۔ مصر میں اخوان المسلمون کے سربراہ محمد بدیع سمیت 8 رہنماوں کو سزائے موت سنا دی گئی، عرب میڈیا کے مطابق عدالت نے اخوان المسلمین کے سربراہ محمد بدیع اور نائب سربراہ محمود عزت سمیت 8 رہنماوں کو سزائے موت سنائی، جبکہ دیگر افراد میں سے کچھ کو عمر قید، 6 افراد کو 15 سال قید اور 7 افراد 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔ ایمرجنسی کے تحت قائم انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کو جون تا اگست 2013ء میں سابق منتخب مصری صدر محمد مرسی کے حق میں دھرنے اور مظاہرے کرنے، انتشار پھیلانے، تخریب کاری اور  املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں سزا سنائی۔ عدالت نے 21 ملزمان کو مقدمات سے بری کرنے کا بھی حکم دیا۔

6۔ سکھوں نے واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج کرتے ہوئے خالصتان کا پرچم لہرا دیا، امریکا میں مقیم سکھ برادری نے بھارت میں کسانوں پر مظالم کے خلاف واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مودی قاتل کے نعرے لگائے اور سفارت خانے کے اطراف مارچ کیا۔ سکھ مظاہرین نے بھارتی سفارت خانے کا باہر نصب مہاتما گاندھی کے مجسمے پر خالصتان کا پرچم لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ خالصتان کے قیام کا مقصد پنجاب کو بھارت کے قبضے سے آزاد کروانا ہے۔ سکھ فار جسٹس تنظیم کے رہنماء ڈاکٹر بخشش سندھو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت میں کسانوں پر گولیاں چلائی جا رہی ہیں اور ڈرون سے آنسو گیس چھوڑی جا رہی ہے۔

7۔ ہیٹی میں مسلح گروہوں کا جیل پر حملہ، 4 ہزار قیدی فرار ہوگئے، رپورٹ کے مطابق جیل توڑ کر بھاگنے والے ملزمان میں وہ ارکان شامل تھے، جن پر 2021ء میں صدر جوونیل مویس کے قتل کا الزام ہے۔ ہیٹی میں حالیہ برسوں میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، وزیراعظم ایریل ہنری کو ہٹانے کے لیے گینگز اب پورٹ او پرنس کے 80 فیصد حصے پر قابض ہیں۔ پرتشدد واقعات میں حالیہ اضافہ 29 فروری کو اس وقت شروع ہوا جب وزیراعظم کینیا کی قیادت میں ملٹی نیشنل سکیورٹی فورس ہیٹی بھیجنے کے امکان پر بات چیت کے لیے نیروبی گئے۔

تصویری رپورٹ: آج کی تصویری رپورٹ جس کا عنوان ہے "لاہور میں برسی شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کا اہتمام"

کارٹون: آج کے کارٹون کا عنوان ہے "چور مچائے شور"
خبر کا کوڈ : 1120253
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش