0
Friday 11 May 2012 16:23

قومی کانفرنس کراچی میں قیام امن کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، پروفیسر غفور احمد

قومی کانفرنس کراچی میں قیام امن کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، پروفیسر غفور احمد
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر پروفیسر غفور احمد نے کہا ہے کہ 12 مئی 2007ء کو رونما ہونے والا سانحہ قومی المیہ ہے، اس سلسلے میں ہونے والی قومی کانفرنس وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ایک طویل عرصے سے بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے۔ علم، تہذیب اور ثقافت کی علامت کا حامل شہر اب افراتفری، بدامنی اور لاقانونیت کی آماجگاہ بن چکا ہے، کسی کی جان و مال عزت آبرو محفوظ نہیں، ٹارگٹ کلنگ میں بے گناہ اور معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔

پروفیسر غفور احمد نے کہا کہ کراچی 1985ء سے آگ میں دہک رہا ہے مگر 12 مئی 2004ء اور 12 مئی 2007ء کے واقعات کے بعد اس آگ میں تیزی آگئی ہے اور امن و امان قائم کرنے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے تمام تر حکومتی دعوؤں کے باوجود شہر میں قتل و غارت گری اور دنگا فساد کے واقعات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، یہ ایک خطرناک علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج شہر میں آگ اور خون کا جو سلسلہ جاری ہے وہ سانحہ 12 مئی کا تسلسل ہے اگر حکومت کراچی میں 12 مئی سمیت رونما ہونے والے تمام بڑے سانحات کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرتی اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے ٹھوس اور عملی اقدامات کئے جاتے تو آج شہر کی یہ صورتحال نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے قومی کانفرنس طلب کرکے شہر میں امن و امان کے قیام کیلئے ایک مثبت قدم اٹھایا ہے۔ یہ کانفرنس پرامن کراچی کی نوید ثابت ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 160841
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش