0
Wednesday 4 Jul 2012 16:02

نیٹو سپلائی بحال کر کے حکمرانوں نے غلامی کی دستاویز پر دستخط کر دئیے، سید منور حسن

نیٹو سپلائی بحال کر کے حکمرانوں نے غلامی کی دستاویز پر دستخط کر دئیے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے نیٹو سپلائی کھولنے پر پاکستانی حکومت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے غلامی کی دستاویز پر دستخط کر دئیے ہیں۔ منصورہ سے جاری اپنے بیان میں سید منور حسن نے کہا کہ حکومت نے نیٹو سپلائی بحال کر کے امریکی غلام ہونے پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے اور اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کے ہاتھ مضبوط کیے ہیں اب قوم کو اپنا وجود برقرار رکھنے اور پاکستان کے جوہری اثاثوں کے تحفظ کے لیے باہر نکلنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی بحال کر کے حکومت نے اپنی موت کے پروانے پر دستخط کر دئیے ہیں، حکمرانوں نے امریکہ کی مداخلت ختم کرنے بجائے اس کو بڑھانے کا انتظام کیا ہے اور پاکستان کے مفادات کو پس پشت ڈال کر امریکی مفادات کو تقویت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات اور پارلیمنٹ کی قرار داد میں نیٹو سپلائی کھولنے کے لیے پیش کی گئی دو بڑی شرائط میں ڈرون حملے ختم کرنے اور سلالہ چیک پوسٹ حملے پر معافی شامل تھیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کی طرف سے معافی لیپا پوتی کے سوا کچھ نہیں اور ڈرون حملے بند کرنے کا ذکر تک نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو امریکی مفادات کا اتنا زیادہ خیال ہے کہ پانچ ہزار ڈالر فی کنٹینر کے مطالبے سے بھی دستبردار ہو گئے ہیں اس کی کیا وجوہات ہیں اور اندورن خانہ کیا طے ہوا ہے، خدا بہتر جانتا ہے۔ سید منور حسن نے کہا کہ حکمرانوں نے ڈرون حملے بند کرنے کی شرط پر خاموشی اختیار کر کے عملاً امریکہ کو قبائلی عوام کے قتل کا کھلا لائسنس دیدیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ڈرون حملوں میں جتنے معصوم پاکستانی قتل ہوں گے، ان کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے تو اپنی آزادی و خود مختاری ڈالروں کے عوض امریکہ کو فروخت کر دی ہے اب یہ عوام کا فرض ہے کہ وہ متحد ہو کر اس ملک دشمن فیصلے کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں اور سپلائی کے تمام راستے بند کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تو اسلام و پاکستان دشمنوں کے ہاتھ مضبوط کرنے اور انہیں اسلحہ سپلائی کرنے کا سامان کر دیا ہے اب یہ قوم کا فرض ہے کہ وہ اپنے ایٹمی اثاثوں کا تحفظ کرے اور ملک کو امریکی غلامی سے نجات دلانے کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کرے۔ سید منور حسن نے کنٹینرز کے ڈرائیوروں سے بھی اپیل کی کہ وہ حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے کنٹینر چلانے سے انکار کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 176701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش