0
Monday 3 Sep 2012 11:14

پشاور، یو این ایچ سی آر کے دفتر کے باہر دھماکہ، 5 افراد ہلاک

پشاور، یو این ایچ سی آر کے دفتر کے باہر دھماکہ، 5 افراد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ پشاور کینٹ کی مصروف ترین شاہراہ یونیورسٹی روڈ پر اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این ایچ سی آر کے دفتر کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں 2 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ دھماکے سے دفتر کے باہر کھڑی امریکی سفارت خانہ کی گاڑی بھی تباہ ہو گئی۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ دور دور تک آواز سنی گئی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ جائے وقوعہ پر امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچیں گئی ہیں، جنہوں نے زخمیوں کو خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ پشاور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ 

صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار کا کہنا ہے کہ دھماکے میں دو امریکی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ سی سی پی او پشاور امتیاز الطاف کے مطابق دھماکا خودکش لگتا ہے۔ سو کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ سیکورٹی اسکواڈ میں شامل اہلکار نے بتایا کہ کانوائے میں اچانک سفید رنگ کی کار گھسی اور دھماکا ہوگیا۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کی ترجمان عشرت رضوی کا کہنا تھا کہ پشاور میں اقوام متحدہ کا تمام عملہ بخیریت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ یو این ایچ سی آر پشاور کے گیسٹ ہائوس کے باہر ہوا، جو گاڑی میں نصب شدہ بم پھٹنے سے ہوا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں تباہ ہونے والی گاڑی کی شناخت کی جا رہی ہے۔

دیگر ذارئع کے مطابق پشاور کے علاقے آبدرہ روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ دھماکہ خیز مواد ایک گاڑی میں رکھا گیا تھا جو دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کی جگہ پر 5 فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا ہے۔ دھماکے کی آواز انتہائی زور دار تھی جو شہر کے متعدد علاقوں میں سنی گئی۔ جائے وقوع پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئی ہیں جو مزید تفتیش کررہی ہے۔ دوسری طرف پشاور پولیس کے سربراہ امتیاز الطاف نے کہا ہے کہ یونیورسٹی ٹاون میں ہونے والا دھماکا خودکش لگتا ہے، جس میں 100 سے 110 کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ہے۔ 

جائے وقوع پر میڈیا سے گفتگو میں امتیاز الطاف نے کہا کہ دھماکے میں 5 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب دھماکہ کے بعد پشاور میں سیکورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ زخمی خیبر ٹیچنگ اسپتال اور لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج ہیں، صوبائی حکومت کی جانب سے غیر ملکیوں کو نقل و حرکت کے وقت احتیاط برتنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 192297
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش