0
Thursday 20 Sep 2012 19:32

گستاخانہ فلم کیخلاف طلباء احتجاجی ریلی و جھڑپیں، اسلام آباد میں فوج طلب

گستاخانہ فلم کیخلاف طلباء احتجاجی ریلی و جھڑپیں، اسلام آباد میں فوج طلب
اسلام ٹائمز۔ گستاخانہ امریکی فلم کیخلاف طلبہ اور مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو کی حفاظت کیلئے پاک فوج کو طلب کرلیا گیا، احتجاج کرنے والوں اور پولیس کے درمیان تصادم کے بعد پتھراوٴ سے ایس ایچ او سمیت 9 پولیس اہلکار زخمی اور موبائل کے شیشے ٹوٹ گئے، مظاہرین نے پولیس بنکر اور چوکی کو آگ لگا دی۔ میڈیا نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مشتعل طلبہ نے ڈپلومیٹک انکلیو جانے کی کوشش کی تو ان کا تصادم پولیس سے ہوا، کئی مظاہرین کو پولیس نے گرفتار بھی کرلیا، جس کے بعد مظاہرین مشتعل ہوگئے، پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں ایس ایچ او اور پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
 
مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو کی حفاظت کیلئے پاک فوج کو طلب کرلیا گیا ہے اور ذرائع کے مطابق کچھ دیر میں فوجی دستے ریڈ زون پہنچ جائیں گے۔ احتجاج کرنے والوں نے پولیس، فائیو اسٹار ہوٹل اور ان کی گاڑیوں پر پتھراوٴ کیا جس سے پولیس موبائل کے شیشے ٹوٹ گئے، مشتعل افراد نے پولیس بنکر اور چوکی کو بھی آگ لگا دی۔ گستاخانہ امریکی فلم کے خلاف اسلام آباد اور راول پنڈی میں طلبہ سمیت مختلف طبقات فکر نے مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے کئی مقامات پر ٹائر جلائے جس کے باعث مختلف سڑکیں ٹریفک کیلئے بند ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق احتجاج کرنے والا ایک طالب علم پولیس کی گاڑی کے ساتھ ٹکرانے سے زخمی ہوا، پولیس نے مظاہرین پر ربر کی گولیاں بھی چلائیں۔


دیگر ذرائع کے مطابق گستاخانہ امریکی فلم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے راولپنڈی اور اسلام آباد کے طلباء نے امریکی سفارتخانے کی طرف جانے کی کوشش کی۔ پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا جبکہ مظاہرین نے سرینا چوکی سمیت چار چوکیوں کو بھی آگ لگا دی۔ ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز کو طلب کر لیا گیا جبکہ شاہراہ دستور کو سیل کر دیا اور ریڈ زون میں طلباء کا مظاہرہ جاری ہے۔ 

سرکاری اور پرائیویٹ کالجز کے طلباء نے مری روڈ پر ریلی نکالی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پولیس نے ڈی چوک اور امریکی سفارتخانے کی طرف جانے والے راستے بند کر دئیے، مگر مظاہرین تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے سرینا چوک پہنچ گئے تو پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ شروع کر دی۔ پولیس نے مظاہرہ کرنے والے پانچ طالب علموں کو حراست میں لے لیا اور احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر اسلام آباد کے ریڈزون کو کینٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔ مظاہرین نے سرینا چوکی سمیت چار چوکیوں کو بھی آگ لگا دی۔ 

ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز طلب کو کر لیا گیا جبکہ شاہراہ دستور کو سیل کر دیا اور ریڈ زون میں طلبا کا مظاہرہ جاری ہے۔ مظاہرین نے پولیس سے حفاظتی جیکٹ اور ہیلمٹ بھی چھین لیے۔ وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پنجاب حکومت مظاہروں کی پشت پناہی کرنے کے ساتھ ساتھ پنجاب پولیس نے کہیں بھی احتجاج کو نہیں روکا۔ انہوں نے کہا صورتحال نہایت افسوس ناک ہے اور پنجاب حکومت سہولت کار کا کام کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 197120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش