0
Monday 1 Apr 2013 14:34

عوام مزاحمت نہ کریں تو حکمران گلگت بلتستان کو بیچ کھائیں گے، منظور پروانہ

عوام مزاحمت نہ کریں تو حکمران گلگت بلتستان کو بیچ کھائیں گے، منظور پروانہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان یونائیٹڈ موؤمنٹ کا ایک اہم اجلاس اسکردو میں منعقد ہوا جس میں گلگت بلتستان حکومت کی طرف سے ہسپتالوں میں مریضوں سے فیس لینے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جی بی یو ایم کے چئیرمین منظور پروانہ نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت کی نا اہلی کی سزا غریب مریضوں کو دی گئی ہے، صوبائی طرز کی حکومت کا غریب مریضوں کو کرپشن کا ٹیکہ قابل مذمت اور قابل مزاحمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے وسائل کو لوٹا جارہا ہے اور لوگوں سے ان کی جینے کا حق چھینا جا رہا ہے، روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو گولی، دہشت گردی، کرپشن اور قبر کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ محکمہ تعلیم میں ان پڑھ لوگوں کو رشوت کے عوض ٹیچر بھرتی کرکے نئی نسل کو معیاری تعلیم سے محروم کردیا گیا ہے اور اب سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو ٹیکس کا انجکشن دیا جا رہا ہے، اگر گلگت بلتستان کے عوام نے اس عوام کش فیصلے کے خلاف مزاحمت نہیں کی تو یہ لوگ کل گلگت بلتستان کو بیچ کھائیں گے۔

منظور پروانہ نے کہا کہ ہسپتالوں میں ٹیکس کی وصولی کے خلاف گلگت بلتستان کے عوام کو متحرک کرنے کے لئے یونائیٹڈ موؤمنٹ بہت جلد لائحہ عمل طے کرے گی جس میں احتجاجی مظاہرے، بھوک ہڑتال، دھرنے اور سول نافرمانی شامل ہونگے۔ عوام کو تعلیم اور صحت کی مفت فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اگر حکومت پاکستان اس ذمہ داری کو ادا نہیں کر سکتے تو انہیں گلگت بلتستان کے عوام پر حکومت کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔
خبر کا کوڈ : 249881
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش