0
Friday 19 Apr 2013 03:06

کراچی میں انتخابات شفاف ہوئے تو ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کا خاتمہ ہوجائے گا، عارف علوی

کراچی میں انتخابات شفاف ہوئے تو ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کا خاتمہ ہوجائے گا، عارف علوی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما محمد عارف علوی نے کہا ہے کہ کراچی میں اگر انتخابات شفاف، بلاخوف اور پرامن ماحول میں منعقد ہوئے تو کراچی سے ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کا خاتمہ ہوجائے گا، تحریک انصاف ملک بھر سے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، سابق صدر پرویز مشرف کا ٹرائل ضروری ہے اس کے بغیر بلوچستان میں امن قائم نہیں ہوگا، انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں ہونے چائیے، کراچی کے حالات کی ذمہ دار اس کی اسٹیک ہولڈرز جماعتیں ہیں، پارٹی میں ٹکٹوں کی تقسیم بورڈ نے کی ہے اور اس میں اگر کسی قسم کا کوئی اختلاف ہے تو یہ پارٹی معاملہ ہے۔ وہ پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر جمال صدیقی، صوبائی ترجمان دوا خان صابر، اسلم علی جان، ثمر علی، خرم شیر علی زمان اور دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملک بھر کی طرح صوبہ سندھ اور کراچی میں بھی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی تقریباً تمام نشستوں سے اپنے امیدوار نامزد کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ٹکٹوں کی تقسیم پارٹی کے بورڈ نے کی ہے اور اس سلسلے میں مرکزی اور صوبائی قیادت سے تمام تر مشاورت کے بعد ٹکٹیں دی گئی ہیں۔ عارف علوی نے کہا کہ انتخابات مقررہ وقت پر اور صاف و شفاف اور پرامن انداز میں منعقد کرانا الیکشن کمیشن اور نگران حکومتوں کی ذمہ داری ہے اور اگر وہ اپنی ذمہ داریوں میں پورے اترے تو پاکستان تحریک انصاف ملک بھر سے کلین سوئپ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں انتخابات بلا خوف منعقد ہوئے تو ہم ایم کیو ایم کو نہ صرف ٹف ٹائم دیں گے بلکہ ان کا کراچی سے مینڈیٹ کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی میں حالات کی ذمہ دار وہ تمام جماعتیں ہیں جو ماضی میں حکومت کا حصہ تھی اور کراچی کے اسٹیک ہولڈرز ہونے کی دعویدار تھی۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی ضمانت منسوخ ہونا اور ان پر کارروائی یہ تمام عدلیہ کے کام ہیں اور عدالتیں جو کام کررہی ہیں وہ منصفانہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کا ٹرائیل ہونا ضروری ہے کیونکہ انہوں نے اکبر بگٹی، لال مسجد، عدلیہ اور ججوں کے ساتھ جو کیا اس پر ان کا ٹرائیل نہ ہوا تو بلوچستان میں امن قائم نہیں ہوگا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہم سے عودہ کیا ہے کہ جو بھی پولنگ اسٹیشن حساس قرار ہائے جائیں گے وہاں فوج تعینات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات اور دہشتگردی کو دیکھتے ہوئے اگر 50 فیصد بھی ووٹ کاسٹ ہوئے تو تحریک انصاف ملک بھر سے بھاری کامیابی حاصل کرلے گی۔
خبر کا کوڈ : 255666
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش