0
Tuesday 13 Aug 2013 18:08
کیا آزاد وطن امریکہ کی غلامی میں دینے کیلئے حاصل کیا تھا؟

پاکستان آج بھی 47ء والے جذبے کیلئے ترس رہا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

پاکستان آج بھی 47ء والے جذبے کیلئے ترس رہا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ تمام اہل وطن کو مملکت خدا داد پاکستان کے 67ویں جشن آزادی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، تمام محب وطن پاکستانیوں کو اس یوم آزادی پر پاکستان کی بقا، سلامتی اور خوشحالی کیلئے تجدید عہد اور اس کے دشمنوں سے جنگ کا عزم کرنا ہوگا، مفکر پاکستان حضرت علامہ اقبال (رہ) نے جس آزاد وطن کا خواب دیکھا تھا اور بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح (رہ) نے جو آزاد وطن ہمارے پاس امانت کے طور پر چھوڑا تھا، آج وہ آزاد وطن دہشت گردی، لاقانونیت، کرپشن اور طرح طرح کی بیماریوں کا شکار ہوچکا ہے، افسوس کے اس وطن کے بااختیار ادارے بھی اب اس کے ساتھ وفا نہیں کر رہے، مفکر پاکستان اور بانی پاکستان کی ارواح اس وطن کی حالت زار پر نوحہ کناں ہوں گی۔

ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان کے 67ویں یوم آزادی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری اپنے تہنیتی پیغام میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پاکستان ایک مرتبہ پھر اہل وطن سے اس عزم کا اعادہ چاہتا ہے جو اس نے 67 برس قبل تحریک آزادی کے دوران کیا تھا، اس وطن کے باسی برطانیہ سامراج کی غلامی سے آزادی پا کر امریکہ سامراج کی غلامی میں چلے گئے ہیں، کیا بانیان پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانیوں کے بعد یہ آزاد وطن امریکہ کی غلامی میں دینے کے لئے حاصل کیا تھا، ہرگز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے خائن اور مفاد پرست سیاستدانوں کی ناقص داخلہ اور خارجہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے، جس کا خمیازہ آج پاکستان کے 18 کروڑ محب وطن عوام بھگت رہے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور قتل وغارت گری اس ملک کا مقدر بنا دی گئی، کرپشن اس ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، انصاف اس ملک میں چراغ لے کر ڈھونڈنے سے نہیں ملتا، روزانہ مساجد، امام بارگاہوں، درباروں بازاروں اور چوراہوں پر بیگناہوں کے خون سے ہولی کھیلی جاتی ہے، اب تو حد ہی ہوگئی روز روز دسیوں فوجی جوان اس ملک کے اندر موجود دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بن رہے ہیں لیکن افسوس کہ ہمارے جرنیل اپنے محلات میں پرسکون نیند سو رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 292108
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش