0
Tuesday 29 Oct 2013 10:54

ایران گیس منصوبہ، امریکہ، تیل و گیس مافیا بڑی رکاوٹ، عمل درآمد مشکل

ایران گیس منصوبہ، امریکہ، تیل و گیس مافیا بڑی رکاوٹ، عمل درآمد مشکل
رپورٹ : این ایچ نقوی

پاکستان ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے سے بتدریج دور ہورہا ہے۔ اور مستقبل قریب میں اس منصوبے کے لئے فنڈز کی فراہمی اور اس پر عمل درآمد مشکل نظر آرہا ہے۔ ذمہ دار حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ پاکستان کا آئل اینڈ گیس مافیا ہے۔ جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اس منصوبے امریکی دباﺅ ایک الگ رکاوٹ ہے، بلوچستان میں جہاں سے اس گیس پائپ لائن کو گزرنا ہے، وہاں سیکیورٹی کی صورتحال بھی اس منصوبے کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن چکی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی روپیہ کی قیمت کی وجہ سے اس منصوبے کی پاکستانی حصہ داری کی لاگت ایک ارب ساٹھ کروڑ ڈالر سے بڑھ کر دو ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ حکومت نے پائپ لائن منصوبے کے لئے نیشنل بینک ، پارکو، او جی ڈی سی ایل، سوئی سدرن، سوئی ناردرن، پی پی ایل روسی کمپنی گیس پروم سے جو 87کروڑ ڈالر کے حصول کا پروگرام تشکیل دیا تھا، وہ بھی اپنی موت آپ مرچکاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ روسی کمپنی گیس پروم کی طرف سے گیس پائپ لائن تعمیر کرنے، ایگزم بینک چائنہ سے 50کروڑڈالر قرضہ لینے کا معاملہ بھی ختم ہو چکا ہے۔

پاک ایرن گیس منصوبے کو اپنی معاہدہ شدہ اپنی ڈیڈ لائن کے مطابق 31دسمبر 2014ءتک پیداوار شروع کرنا ہے اور ایران اپنے حصہ کی 1100کلو میٹر پائپ لائن کا 907کلومیٹر حصہ تعمیر کر چکا ہے۔ لیکن پاکستان حصہ کی 900کلومیٹر پائپ لائن کا ایک کلومیٹربھی تاحال تعمیر نہیں ہو سکا۔ پاکستان اگر دونوں ممالک کے درمیانطے شدہ معاہدے کے تحت ڈیڈ لائن سے قبل پائپ لائن تعمیر نہ کر سکا تو اسے روزانہ ایک ملین ڈالر جرمانہ دینا ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے لئے فنڈر کی فراہمی کی قلت کی وجہ سے حکومت ایران سے پاکستانی حصہ کی تعمیر کے درخواست کی جاچکی ہے جسے پورا کرنا ایران کے لئے بظاہر ممکن نہیں ہے۔ جبکہ پاکستان اس منصوبے پر امریکی مخالفت اور عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے فنڈز فراہم کرنے سے انکار اور آئی ایم ایف کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر کو ایک خاص حد تک رکھنے کی شرط کی وجہ سے درکار فنڈز کی فراہمی سے قاصر ہے۔
خبر کا کوڈ : 315274
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش