0
Thursday 22 Jul 2010 23:15

آرمی چیف جنرل کیانی کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع

آرمی چیف جنرل کیانی کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع
اسلام آباد:اسلام ٹائمز-وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے صوابدیدی اختیارات میں نرمی اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی مشاورت سے دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں کامیابی حاصل کرنے کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں 29 نومبر 2010ء سے تین سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔ 
جمعرات کو قوم سے مختصر سے خطاب میں وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ ان دنوں وطن عزیز انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے،حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قوم ان عناصر کے خلاف متحد اور پرعزم ہے اور جنگ میں مصروف ہے جو انتہا پسندی اور دہشت گردی کا راستہ اختیار کر کے ہم پر اپنی مرضی کا نظام مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ایسے عناصر کے خلاف سول انتظامیہ اور مسلح افواج نے سوات،مالاکنڈ اور جنوبی وزیرستان میں کامیاب آپریشن کئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن اہم مراحل میں ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کا تسلسل برقرار رکھنے ہوئے جنرل کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ایک اعلیٰ سپہ سالار کی حیثیت سے دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں مسلح افواج اور جمہوری قوتوں کا اعتماد اور حوصلہ بلند رکھنے کے ساتھ ساتھ ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان میں امن و ترقی کیلئے جمہوریت ناگزیر ہے۔
 انہوں نے کہا کہ ملٹری آپریشنز کی کامیابی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی قیادت میں ممکن ہوئی،ملک کے مختلف متاثرہ حصوں میں جاری دہشتگردی کے خاتمے اور قانون کے نفاذ کے سلسلے میں ان آپریشنز کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں شامل رہے۔یہ آپریشنز اس وقت اہم مراحل میں ہیں،یہ وقت کا تقاضا ہے کہ ان آپریشنز کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے عسکری قیادت کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اپنی عسکری قائدانہ صلاحیت اور جمہوریت پسندی کے باعث قومی اور بین الاقوامی سطح پر انتہائی احترام اور تحسین کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں،لہٰذا ملک کے بہترین مفاد میں میں نے وزیراعظم کی حیثیت سے جنرل کیانی کو موجودہ پالیسی میں نرمی اختیار کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری کی مشاورت کے بعد 29 نومبر 2010ء سے تین سال کی مدت کی توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اور قانون کے نفاذ کے لئے مختلف آپریشنز میں ان کے فعال کردار کے پیش نظر کیا گیا ہے،ہمیں یقین ہے کہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچے گی۔ 
آج نیوز کے مطابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کر دی۔وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے یہ اعلان قوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مختصر ترین نوٹس پر وزیراعظم کا یہ دو منٹ اکاون سیکنڈ کا خطاب پاکستان کی تاریخ میں کسی وزیر اعظم کا یہ مختصر ترین خطاب تھا،یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وطن عزیز ان دنوں انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے،قوم ان عناصر کیخلاف متحد اور پر عزم ہے جو انتہاء پسندی اور اور دہشت گردی کا راستہ اختیار کر کے اپنی مرضی کا نظام مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ایسے عناصر کیخلاف سول انتظامیہ اور مسلح افواج سوات مالاکنڈ اور جنوبی وزیرستان میں کامیاب آپریشن کئے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کی کامیابی کے لئے عسکری قیادت کا تسلسل ضروری ہے۔
وزیر اعظم گیلانی نے جنرل اشفاق پرویز کیانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ علاقوں میں آپریشن کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں شامل رہے۔انہوں نے ایک اعلیٰ سپہ سالار کی حیثیت سے دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ میں مسلح افواج اور جمہوری قوتوں کا اعتماد اور حوصلہ بلند رکھنے پر زور دیا اور وہ پاکستان میں امن اور ترقی کے لئے جمہوریت کو ناگزیر سمجھتے ہیں۔وزیر اعظم نے یقین ظاہر کیا کہ جنرل کیانی کی قیادت میں دہشتگردی کیخلاف جنگ کامیابی سے پایہ تکمیل کو پہنچے گی۔
خبر کا کوڈ : 31924
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش