0
Monday 11 Nov 2013 23:02

موجودہ حکومت کی کارکردگی سے آئی ایم ایف خوش اور پاکستان کے18کروڑ عوام نالاں ہیں، وسیم اختر

موجودہ حکومت کی کارکردگی سے آئی ایم ایف خوش اور پاکستان کے18کروڑ عوام نالاں ہیں، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ حکومت آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر عمل درآمد کررہی ہے۔ غریب عوام کو نہ دو وقت کی روٹ میسر اور نہ ہی بجلی وگیس دستیاب ہے۔ حکومتی وزراء سردیوں میں سی این جی کی بندش کا بھی برملا اظہار کرچکے ہیں۔ حکمرانوں نے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ مہنگائی کی شرح میں ہوشربا اضافے نے سابقہ حکومتوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ اگر بر سر اقتدار لوگوں نے اپنی روش نہ بدلی تو عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوںگے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی کارکردگی سے آئی ایم ایف خوش اور پاکستان کے18کروڑ عوام نالاں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے مشن چیف جیفری فرینک نے پاکستان کی اقتصادی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے قرض کی دوسری قسط55کروڑ ڈالر جاری کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ حکومت قرض لے کر ملک چلارہی ہے جبکہ سود کی ادائیگی کیلئے مزید قرض لینے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک طرف دن بدن روپیہ اپنی قدر کھو رہا ہے جبکہ دوسری طرف مافیا ڈالر کی قیمت115روپے تک لے جانے کے لئے متحرک ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک مرتبہ پھر108روپے تک جاپہنچی ہے۔ 11مئی سے اب تک ڈالر کی قدر میں9فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے جوکہ حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کا مظہر ہے۔ اسلامی طرز معیشت اختیار کرکے ہی ہم ملک و قوم کو درپیش مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ ملکی معیشت دگرگوں کا شکار ہے۔ صنعتیں بند اور سرمایہ دار ملک چھوڑ رہے ہیں۔ بے روزگاری میں اضافہ ہوچکا ہے۔ حکومت یوتھ پروگرام کے تحت قومی خزانے کودونوں ہاتھوں سے لٹانے کی بجائے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور نوکریاں فراہم کرے۔ ملک کے اعلیٰ تعلیم یافتہ بچے بیرون ملک جارہے ہیں جوکہ باعث تشویش ہے۔
خبر کا کوڈ : 320017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش