0
Monday 25 Nov 2013 11:00

کنٹرول لائن پر دیوار کی تعمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، کشمیری قیادت

کنٹرول لائن پر دیوار کی تعمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، کشمیری قیادت
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت نے بھارتی حکومت کے سیز فائر لائن پر دیوار تعمیر کرنے کے مجوزہ منصوبے کے انکشاف پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجوزہ منصوبہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف وزری اور انسانیت کے خلاف بھارتی عزائم کی فہرست میں ایک اور اضافہ ہو گا۔ عالمی برادری بھارت کو روکے۔ باغ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو عبور کرنے والی خونی لکیر مٹ کر رہے گی۔ تقسیم کشمیر کی تمام بھارتی سازشیں ناکام ہو چکی، بھارت ایک قابض اور غاصب ملک ہے۔ کشمیری عوام بھارت کے تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیں گے۔ 

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان اور زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے بھارتی حکومت کے سیز فائر لائن پر دیوار تعمیر کرنے کے مجوزہ منصوبے کے انکشاف پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ لبریشن فرنٹ کے قائدین نے کہا کہ مجوزہ منصوبہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی اور انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم کی فہرست میں ایک اور اضافہ ہے۔ لبریشن فرنٹ کے قائدین نے کہا کہ بھارتی حکومت کے رویے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ انسانی، اخلاقی اور جمہوری زبان سمجھنے سے بالکل قاصر ہے اور صرف تشدد کی زبان میں بات کرنا اور سننا چاہتی ہے۔ لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں نے کہا کہ دیواریں اور باڑیں نہ اس سے قبل کسی قوم کا جذبہ آزادی ختم کر سکی اور نہ آئندہ کر سکیں گی۔ 

لبریشن فرنٹ کے قائدین نے عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت خطے میں ایک نئے تشدد اور سماجی بحران کو جنم دینا چاہتی ہے لیکن بھارت کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ کشمیری عوام اس طرح کے ظالمانہ اور غیرانسانی حربوں کو جوتے کے نوک پر رکھیں گے۔ ایسا کوئی حربہ اختیار کرنے کی کوشش بھی کی گئی تو لاکھوں کی تعداد میں کشمیری عوام باہر نکل کر منحوس لکیر کو پائوں تلے روندتے ہوئے ریاست کو قابض افواج کے قبرستان میں تبدیل کر دیں گے۔ لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں نے آرپار کشمیری قیادت سے بھی اپیل کی کہ وہ اس ناپاک منصوبے کے انکشاف کے بعد اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھیں اور ریاستی وحدت کی پامالی اور ظلم و جبر کی دیواروں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔ 

سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ چوہدری لطیف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دیوار برلن کی طرز پر دیوار کی تعمیر بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ جس کے خلاف آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں گے۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ بھارت نے تاریخ سے سبق حاصل نہیں کیا۔ دیوار برلن کی طرز پر دیوار تعمیر کرنے والے اس کا حشر بھی یاد رکھیں۔ دیوار کی تعمیر کے خلاف دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھرپور مزاحمت کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 324364
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش