0
Thursday 16 Jan 2014 10:10

لیاقت باغ راولپنڈی میں منہاج القرآن کے تحت میلاد کانفرنس کا انعقاد

لیاقت باغ راولپنڈی میں منہاج القرآن کے تحت میلاد کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ عشق رسول (ص) ہمارے ایمان کا مرکز و محور ہے۔ ماہ ربیع الاول ذات رسول (ص) کے ساتھ کمزور پڑتے تعلق کو بحال اور مضبوط کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ اطاعت کے بغیر عشق کا دعویٰ بے معنی ہے، جب تک ہم دنیاء کی غلامی چھوڑ کر اپنے انفرادی و اجتماعی فیصلے نبوی تعلیمات کے مطابق نہیں کرتے ہمارے برے دن ختم نہیں ہوں گے۔ پاک و ہند کے لوگوں کا اصل دشمن غربت، جہالت اور بدامنی ہے، دونوں ملکوں کو مل کر اس کے خلاف لڑنا ہو گا۔ مہاتما گاندھی نے اپنی کتاب میں اعتراف کیا کہ میں نے قرآن کو کئی بار پڑھا، یہ ہرگز ہرگز کسی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دیتا۔ قائد اعظم محمد علی جناح کا تصور امن پاکستان کے آئین کا حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی رات تحریک منہاج القرآن راولپنڈی کے زیر اہتمام لیاقت باغ میں منعقد ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے لفظ نبی کے متعدد معانی و معارف بیان کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص، معاشرہ یا ملک محبت و سیرت مصطفی (ص) اپنائے گا امن کا پیکر بن جائے گا۔

اس سال تحریک منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس کی انفرادیت یہ تھی کہ یہ مینار پاکستان کے علاوہ پاکستان کے 250 شہروں، دنیاء بھر پر تحریک کے مراکز اور انڈیا کے شہر بنگلور میں بھی بیک وقت منعقد کی گئی۔ لیاقت باغ کے تاریخی سبزہ زار پر منعقد ہونے والے پروگرام میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ پیر محمد نقیب الرحمان عید گاہ شریف نے کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ دنیاء بھر میں اسلام کے تحفظ اور فروغ کےلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ معروف مشائخ، مختلف مسالک کے علماء اکرام اور مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کی نمائندہ شخصیات سٹیج پر موجود تھیں۔ ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران، آقائے محمد اکبری خصوصی طور پر شریک ہوئے، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کانفرنس بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کا خوبصورت نظارہ پیش کر رہی ہے۔ منہاج نعت کونسل امجد بلالی برادران، ادریس برادران اور کئی دوسرے نعت خوانوں نے خوبصوت انداز میں بارگاہ رسالت میں گل ہائے عقیدت پیش کئے۔ ساری رات لیاقت باغ فضائیں درود سلام سے گونجتی رہیں۔ کانفرنس رات نو بجے شروع ہو کر صبح ساڑھے چار بجے ملک و ملت کے تحفظ اور خوشحالی کی اجتماعی دعاء کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 341590
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش