0
Thursday 29 May 2014 09:26

دفعہ 370 سے چھیڑ خوانی کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے، عمر عبداللہ

دفعہ 370 سے چھیڑ خوانی کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے، عمر عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے دفعہ 370 کی منسوخی کو ناممکن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کو آئین ہند کی دفعہ 370 کے حوالے سے اپنا موقف واضح کر دینا چاہئے کہ وہ کن ریاستی فریقین کے ساتھ بات کررہی ہے، سرینگر میں ایک تقریب کے حاشیے پر عمر عبداللہ نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران بھارت سے اس بات کی وضاحت کرنے کے لئے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کو لیکر کن متعلقین سے بات کی جارہی ہے؟، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگر مرکز نے متعلقین کے ساتھ بات چیت کی ہے تو میں یہ جاننا چاہوں گا کہ کن لوگوں کے ساتھ؟ میں اور میری پارٹی بھی متعلقین میں شامل ہے، کسی نے ہم سے بات نہیں کی!‘‘ انہوں نے یہ بات واضح کی کہ جموں کشمیر کی آئین ساز اسمبلی کو دوبارہ تشکیل دئے بغیر دفعہ 370 کی منسوخی ممکن نہیں ہے، اُنہوں نے کہا کہ دستور ساز اسمبلی نے جموں و کشمیر کے ہندوستان سے الحاق کی منظوری دی تھی، اگر آپ یہ سوال دوبارہ اُٹھانا چاہتے ہیں تو آپ کو دستور ساز اسمبلی کا احیاء کرنا ہوگا، اِس کے بعد ہی بات چیت ممکن ہے۔

عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ دفعہ 370 پر سوال اٹھانا ریاست کے بھارت کے ساتھ الحاق کے مسئلے پر سوال اٹھانے کے مترادف ہے، انہوں نے بھارت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ایک طرف آپ ریاستی عوام کے ساتھ رشتے مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور دوسری جانب اس طرح کے بیانات سے کشمیری عوام بیگانگی کے احساس میں مبتلا ہوں گے‘‘، ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے یہ بات زور دیکر کہی کہ دفعہ 370 کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔ اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ ہم اس طرح کے اقدام کی مخالفت کریں گے، چونکہ یہ بیان وزیراعظم کے آفس میں تعینات وزیر مملکت کی طرف سے آیا ہے، اس لئے یہ ایک پالیسی بیان ہے، مرکزی حکومت کو اس بات کی وضاحت کرنی چاہئے کہ کن متعلقین کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کے منسوخی کے حوالے سے بی جے پی کا بیان ناقابل برداشت ہے اور نیشنل کانفرنس اس کی مخالفت زور و شور سے کرے گی، عمر عبداللہ نے ریاستی قوانین کی تنسیخ کے امکان کو مسترد کردیا۔
خبر کا کوڈ : 387330
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش