0
Friday 20 Jun 2014 20:35

عراق میں داعش کی دہشتگردی، آئی ایس او نے جمعہ کو یوم دفاع مقامات مقدسہ کے عنوان سے منایا

عراق میں داعش کی دہشتگردی، آئی ایس او نے جمعہ کو یوم دفاع مقامات مقدسہ کے عنوان سے منایا
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے یوم دفاع مقامات مقدسہ منایا گیا، کراچی بھر میں نماز جمعہ کے بعد ہزاروں افراد نے مقامات مقدسہ کی حفاظت کے لئے منعقدہ احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے ملیر، عباس ٹاؤن، کھارادر، مارٹن روڈ، فیڈرل بی ایریا، اسٹیل ٹاؤن اور نارتھ کراچی میں منعقد ہوئے۔ احتجاجی مظاہروں سے علامہ ذوالفقار جعفری، احسن عباس، علامہ علی انور جعفری، دانش رضا، آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر علی رضوی، جنرل سیکریٹری غیور عابدی اور نائب صدر عباس نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ عراق میں جاری حالی بدامنی میں وہی تکفیری اور صیہونی عناصر ملوث کہ جنہوں نے شام میں انتشار پھیلایا تھا۔ علامہ ذوالفقار جعفری کا کہنا تھا کہ آج پھر صیہونی طاقتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کر رہی ہیں، مسلمان ممالک کو چاہئیے کہ وہ آپسی اختلافات کو بھلا کر ان تکفیری اور صہیونی قوتوں کا مقابلہ کریں۔

علامہ علی انور جعفری کا کہنا تھا کہ عراق میں شیعہ اور سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، عراقی عوام آپس میں متحد ہوکر تکفیری عناصر سے برسر پیکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا اور استعمار اس صورت حال کو شیعہ سنی مسئلہ ظاہر کر رہا ہے جو کے بالکل غلط ہے۔ آئی ایس او کراچی کے صدر علی رضوی کا کہنا تھا کہ ہم عراق کی صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، عراق میں اہل بیت ؑ اور صحابہ کرام ؓ کے مزارات کی بے حرمتی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری عناصر دنیا بھر میں اپنا نفوس بڑھا رہے ہیں ایسے میں مسلمانان عالم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے آپ کو مضبوط کریں اور ان خارجی اور تکفیری عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ اپنےخطاب میں آئی ایس او کراچی کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شیعہ مومنین عراق میں اہل بیت ؑ اور صحابہ کرام ؓ کے مزارات کے دفاع کے لئے تیار ہیں جب بھی مرجعیت نے آواز دی پاکستانی شیعہ سب سے پہلے لبیک کہتے ہوئے عراق کی جانب روانہ ہوں گے۔ مظاہروں میں شریک افراد نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لبیک یاحسینؑ، حاضر ہیں یا حسین ؑ کے نعرے درج تھے۔
خبر کا کوڈ : 393811
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش