0
Tuesday 6 Jan 2015 17:46
پاکستان کے ہزاروں شہداء کے بیگناہ خون کا حساب لئے بغیر امن کا قیام ناممکن ہے

مذہبی انتہا پسندی معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

مذہبی انتہا پسندی معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے سینٹرل کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں اکیسویں ترمیم پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمہ میں معاون ثابت ہوسکتی ہے مگر اس کیلئے جرات مند اور نڈر قیادت کا ہونا ضروری ہے، حکومت تعصب، خوف و ڈر اور سیاسی بلیک میلنگ کا شکار نہ ہو اور اپنے اداروں پر اعتماد کرتے ہوئے غیر متعصبانہ اقدامات اٹھائے اور پاکستان کو دہشت گردوں کی یرغمالیت سے نجات دلانے کیلئے آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، ملکی سلامتی اور بقا کے لئے ہر قسم کی دہشت گردی کو کچلنے کی ضرورت ہے، مذہبی انتہا پسندی معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، مخصوص سوچ کے حامل تکفیری گروہ نے پاکستان کو دوراہے پر لاکھڑا کیا ہے، یہ گروہ بیرونی ملک دشمن قوتوں کے آلہ کار کے طور پر کام کر رہے ہیں اور اپنے سوا سب کو کافر اور واجب القتل سمجھتے ہیں، پاکستان کے ہزاروں شہداء کے بے گناہ خون کا حساب لئے بغیر امن کا قیام ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر اور سیاسی و مذہبی جماعتیں ملکی بقا اور استحکام کے لئے سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہوں، یہی دہشت گردی کی عفریت سے نجات کا واحد راستہ ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ملک سے سیاسی، مذہبی اور لسانی دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ ضروری ہے، وہ دس فیصد مدارس جس کی نشان دہی خود وزیر داخلہ کرچکے ہیں، ان کے خلاف اب تک کارروائی سے گریز کیوں کیا جا رہا ہے، کیا حکمران ایک اور سانحہ پشاور کے منتظر ہیں؟ ہم خداوند متعال کے شکر گزار ہیں کہ آج پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ہمارے موقف کی تائید کر رہی ہیں، جس کو ہم پچھلے پندرہ سال سے دہراتے آرہے ہیں، ہم دیر آید درست آید کے مصداق ان اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے اس موقع پر لاہور ایوان اقبال میں 11 جنوری کو رسول اعظم ۖ امن کانفرنس کے انعقاد کا اعلان بھی کیا، جس میں پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما شریک ہوںگے۔
خبر کا کوڈ : 430754
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش