0
Sunday 21 Jun 2009 09:34

سرفراز نعیمی کی شہادت کو فرقہ وارانہ رنگ نہیں دینا چاہتے،مفتی منیب الرحمان

سرفراز نعیمی کی شہادت کو فرقہ وارانہ رنگ نہیں دینا چاہتے،مفتی منیب الرحمان
  لاہور : تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان نے کہا ہے کہ شہادت علامہ ڈاکٹر سرفراز نعیمی کا مقدر تھی مگر حکومت نے ان کی زندگی میں ان کی سیکورٹی کا کوئی انتظام نہیں کیا اور تاریخ کبھی بھی حکومت کو اس سے بری الذمہ قرار نہیں دے گی۔ قوم کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ خودکش حملہ آور وزیرستان سے آیا تھا یا کہاں سے آیا تھا وہ ہیلی کاپٹر پر لاہور نہیں آیا اسے یہاں کس نے پناہ دی۔ وسائل کہاں سے آئے جب تک اصل مجرم کٹہرے میں نہیں لائے جاتے علماء علامہ سرفراز نعیمی پر حملہ کی تفتیش سے مطمئن نہیں ہوں گے۔ حکومت پنجاب علامہ سرفراز نعیمی کی حفاظت نہیں کر سکی تو دوسرے علماء کو تحفظ کیسے دے گی۔ لہٰذا تنظیم مطالبہ کرتی ہے کہ اہلسنت کے تمام علماء اور مدارس کو مکمل فول پروف
تحفظ فراہم کیا جائے۔ ہم علامہ سرفراز کی شہادت کے واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ نہیں دینا چاہتے لہٰذا حکومت بھی ذمہ داری کا ثبوت دے۔ تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس جامعہ نعیمیہ لاہور میں مفتی منیب الرحمن کی صدارت میں ہوا۔ جس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمن اور دیگر علماء نے کہا کہ تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے تحت علامہ ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید کے مشن کو جاری رکھا جائیگا ۔ 
حکمران اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جس کے پاس صلاحیت فساد ہو، مفتی منیب
کراچی: ممتاز عالم دین اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے سربراہ پروفیسر مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارے حکمراں اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جس
کے پاس صلاحیت فساد و انتشار ہو لیکن جو امن و سلامتی اور عافیت و شرافت کی بات کرے تو اسے اقتدار کے کلچر میں قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا۔ جیو کے مقبول ترین پروگرام ” عالم آن لائن “ میں اپنی سیکورٹی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا زندگی اللہ کی نعمت ہے بس یہ دعا کیجئے کہ ایمان کے ساتھ اللہ زندہ رکھے اور ایمان کی موت نصیب فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ میں تو اپنے رب کی بارگاہ میں اس کے حبیب کریم ص کے وسیلہ جلیلہ سے پاکستان کی سلامتی کی دعائیں مانگ رہا ہوں کہ اللہ ملک کی حفاظت فرمائے۔
مفتی منیب الرحمن کو سیکورٹی فراہم کردی گئی
کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ہفتہ کو رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی
منیب الرحمن کو سیکورٹی گارڈ فراہم کر دیئے ۔
مزارات، مساجد اور مدارس کا تحفظ یقینی بنایا جائے، جے یو پی
کراچی : علامہ ڈاکٹر سرفراز احمد نعیمی کی شہادت ملک میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں، علمائے کرام، مساجد، مزارات اور مدارس پر حملوں اور مزارات کی بندش کے خلاف جے یو پی گلبرگ ٹاؤن کے زیراہتمام جامع مسجد امام الشاہ احمد نورانی کے باہر علامہ قاضی احمد نورانی، مرکزی نائب صدر ڈاکٹر محمد صدیق راٹھور، علامہ عبدالمتین نعیمی، سید عمران حسین ، مشرف ہاشمی و دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب بھی کیا۔ علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے کہا کہ ملک بھر کے غیور عوام اہلسنت علمائے کرام اور اپنے اداروں کے تحفظ کیلئے کمربستہ
ہیں۔ حکمران اپنی پالیسیاں تبدیل کریں اور مزارات، مدارس اور مساجد کے تحفظ کو یقینی بنائیں یا اقتدار چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ سرفراز احمد نعیمی کی شہادت ملک میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے کی سازش تھی۔
مزارات کی بندش کیخلاف سنی تحریک کا عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے سامنے دھرنا
کراچی: مزارات کی زائرین کے لیے بندش کے خلاف حضرت سید عبداللہ شاہ غازی کے مزار واقع کلفٹن کے سامنے سنی تحریک نے تین گھنٹے طویل دھرنا دیا جس سے ٹریفک معطل ہو گیا،گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ان کے معاون خصوصی وقار مہدی اور پولیس کے اعلیٰ افسران سنی تحریک سے مذاکرات کیلئے موقع پر پہنچ گئے۔ شرکائے دھرنا سے مرکزی رہنما محمد شکیل قادری نے خطاب کیا۔
اس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی بھی موجود تھے۔ وقار مہدی کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کر دیا۔ وقار مہدی نے یقین دلایا کہ ملک کے عوام،مزارات، مدارس،مساجد، امام بارگاہ اور علما و مشائخ کی فول پروف سیکورٹی کے انتظامات حکومت کی ذمہ داری ہے اور وہ اسے ضرور پورا کرے گی انہوں نے کہا کہ مزار سید عبداللہ شاہ غازی کو مختلف ذرائع سے دھمکیان ملنے کے بعد اسے سیکورٹی کے تحت بند کیا گیا ہے تاہم پیر کو وزیر داخلہ ہاؤس میں اوقاف کے ایڈمنسٹریٹر اور پولیس کے اعلیٰ حکام کا اجلاس طلب کر کے مزار سید عبداللہ شاہ غازی کو منگل کے روز سے عام زائرین کیلئے کھول دیا جائے گا جبکہ مفتی منیب الرحمن کو سنی تحریک کے ایما پر فوری طور پر سیکورٹی فراہم کر دی جائے گی۔ 

خبر کا کوڈ : 6985
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش