0
Sunday 27 May 2018 00:33

کراچی، ایرانی قونصل جنرل کی دعوت افطار، گورنر سندھ، اسپیکر سندھ اسمبلی سمیت وزراء کی شرکت

کراچی، ایرانی قونصل جنرل کی دعوت افطار، گورنر سندھ، اسپیکر سندھ اسمبلی سمیت وزراء کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران تاریخ و ثقافت اور اسلامی اخوت کے لازوال رشتہ میں بندھے ہوئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے قونصل جنرل احمد محمدی کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر کیا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج خان درانی، ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا، سابق صوبائی وزرائے اعلٰی سید قائم علی شاہ، سید غوث علی شاہ، مختلف اسلامی ممالک کے سفارت کاروں کے علاوہ کاروباری برادری کے اہم افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی روابط ہیں جبکہ ہر سال پاکستانی زائرین کی ایک بڑی تعداد ایران میں موجود مقامات مقدسہ کی زیارت کرنے جاتی ہے۔

انہوں کہا کہ قدرتی و ناگہانی آفات کے دوران امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر صوبہ کے عوام ایرانی عوام کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا کراچی 2013ء سے بالکل مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر امن و امان کی بدولت اب ملک کے معاشی مرکز میں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیں اور دنیا بھر کے سرمایہ کار ان سے استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایران کے سرمایہ کاروں کو بھی صوبہ میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی نے گورنر سندھ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 727517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش