1
Sunday 20 Oct 2019 22:10

آئینی حقوق سے محروم رکھا گیا تو کوئی اور تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے، آغا علی رضوی

آئینی حقوق سے محروم رکھا گیا تو کوئی اور تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے، آغا علی رضوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر آئی ایس او بلتستان کے زیر اہتمام منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دنیا بھر میں جاری مظالم کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان نے مودی کو جواب دینا ہے تو جی بی کو پاکستان کا حصہ بنا کر دیدے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری مظلوم عوام پر جاری بھارتی جارحیت کی اخلاقی طور پر مذمت کرتے ہیں اور کشمیر میں سٹیٹ سبجیکٹ رول کے خاتمے پر جی بی میں واویلا کا اخلاقی جواز نہیں رہتا کیونکہ یہاں یہ کام پچاس سال قبل ہو چکا ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ گلگت بلتستان سے کشمیر کی صورتحال زیادہ بہتر ہے، تعلیم و ترقی میں کشمیر جی بی سے زیادہ آگے ہے۔ جی بی پر کشمیر کی آڑ میں مظالم ختم کیے جائیں، یہاں کے جوانوں کو تنگ کرنا چھوڑ دیا جائے۔ 

ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ہماری آرزو اور ارمان پاکستان کا آئینی حصہ بننا ہے۔ ہمارے حکمران آئے روز گلگت بلتستان کو متنازعہ قرار دیتا ہے لیکن متنازعہ حقوق دئیے جاتے ہیں نہ ہی آئینی حقوق دئیے جا رہے ہیں۔ کشمیر کو ایک آزاد سٹیٹ کے طور پر ڈیل کی جا رہی ہے، جب گلگت بلتستان کو کشمیر کا حصہ تسلیم کیا جاتا ہے تو کیا حکمران چاہتے ہیں کہ جی بی کو آزاد سٹیٹ کے طور پر تسلیم کرے۔ ہمیں پاکستانی تسلیم کیا جائے اور متنازعہ رٹ ختم کیا جائے ورنہ ہم مجبور ہوں گے کہ کوئی اور تحریک چلائیں اور کشمیر کی طرح خود مختار سیٹ اپ کا مطالبہ کریں گے۔ جب آزاد کشمیر کا حصہ ہی تسلیم کر رہے ہیں تو آزاد سیٹ اپ بھی دینا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ستر سالوں میں حکمرانوں نے مایوسی کے سوا یہاں کے عوام کو کچھ نہیں دیا۔  وزیراعظم پاکستان ٹرمپ اور آل سعود کی سازش میں نہ آئیں، یہ دونوں کبھی پاکستان سے مخلص نہیں ہو سکتے۔ 

آغا علی رضوی نے کہا کہ اگر پاکستان کو بچانا ہے تو وزیر اعظم کو امریکہ چھوڑ کر مقاومتی بلاک میں آنا ہو گا، ایران کے بلاک میں آنا ہو گا۔ ملک میں اندرونی طور پر بڑے مسائل پیش آ رہے ہیں، شیعہ جوانوں کو ماورائے قانون و آئین لاپتہ کیا جا رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ مسنگ پرسنز کا عدالتی ٹرائل کیا جائے، کوئی جرم ہے تو اس جرم کو سامنے لایا جائے۔ بے گناہوں کی آہیں ظالموں کی طاقت کو نگل سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، مہنگائی کا طوفان ہے اور عوام بے چین ہیں۔ ان کمزوریوں سے دشمن فائدہ اٹھا کر ملک کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے سے قبل ملک کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔
خبر کا کوڈ : 823113
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش