0
Saturday 1 Aug 2020 18:36

وفاق المدارس الشیعہ کی علماء و خطباء کو دشمن کی سازش ناکام بنانے کی ہدایت

وفاق المدارس الشیعہ کی علماء و خطباء کو دشمن کی سازش ناکام بنانے کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی قیادت نے علماء و خطباء کو فرقہ وارانہ سازش کا ادراک کرنے اور بین المسالک ہم آہنگی پیدا کرکے دشمن کی سازش ناکام بنانے کی ہدایت کر دی۔ علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، علامہ سید ساجد علی نقوی اور علامہ شیخ محسن علی نجفی کے دستخط سے جاری ہونیوالے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، دشمنان پاکستان ہمارے ملک میں فرقہ واریت، بدامنی، دشمنی اور قتل و غارت پھیلانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں اسلام کے مختلف مسالک و مکاتب فکر موجود ہیں اور ان کے درمیان فروعی اختلافات کے باوجود الحمدللہ بھائی چارہ رہا ہے، جو دشمنوں کیلئے ناقابل برداشت ہے، فروعی اختلافات کوئی بھی ختم نہیں کرسکتا۔

علمائے کرام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کی آمد آمد ہے اور اس سے پہلے موجودہ قسم کا ماحول کسی گہری سازش کا پتہ دیتا ہے۔ علمائے کرام نے ہدایت کی ہے کہ ہم مسلمانوں کے تمام مسالک بالخصوص مکتب تشیع کے پیروکاروں کو یہ کہنا ضروری سمجھتے ہیں کہ ایسی بات جس سے کسی فرقے کی توہین ہوتی ہو، اس سے گریز کریں۔ علمائے کرام نے ہدایت کی کہ اپنے مکتب کو مثبت انداز میں پیش کریں، آل محمد کے فضائل، فرامین اور  مصائب بیان کریں، مگر مثبت انداز میں، تاکہ تمام مسلمان حضرت امام حسین علیہ السلام کی مجلس میں شریک ہوکر استفادہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ جزوی فروعی اختلافات احترامِ باہمی سے حل ہوں گے، یہ مسائل پریس کانفرنسوں سے حل نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت و بقاء کیلئے ہماری شرعی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کریں، ہمارے بزرگ مراجع عظام واضح فتویٰ دے چکے ہیں کہ کسی بھی فرقہ کے مقدسات کی توہین اور بے احترامی حرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ایک مشکل مرحلے سے گزرا ہے اور بہت سی قربانیوں کے بعد امن قائم ہوا ہے، دوبارہ یہ ملک فرقہ واریت اور دہشتگردی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
خبر کا کوڈ : 877783
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش