0
Saturday 10 Sep 2011 06:56

آصف علی زرداری کی صدارت کے تین سال مکمل، پیپلز پارٹی کی اظہار یکجہتی ریلی

آصف علی زرداری کی صدارت کے تین سال مکمل، پیپلز پارٹی کی اظہار یکجہتی ریلی
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر آصف علی زرداری کے صدارتی عہدہ سنبھالنے کے تین سال مکمل ہونے کے موقعہ پر پیپلز پارٹی لاہور نے اظہار یکجہتی کے لئے گورنر ہاﺅس سے فیصل چوک تک ریلی نکالی۔ ریلی میں ارکان پیپلز پارٹی لاہور سمیت پنجاب کے عہدیداروں اور ارکان پنجاب اسمبلی نے شرکت کی،
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آصف علی زرداری کی صدارت کے تین سال سپریم کورٹ کی آزادی کے سال ہیں اور انہوں توہین آمیز ریمارکس اور جانبدارانہ فیصلوں کے باوجود عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کیا۔ میڈیا کی تاریخی تنقید کے باوجود صدر آصف علی زرداری کی برداشت کے تین سال ہیں اور بڑی مخالفت کے باوجود میڈیا کو مکمل آزادی حاصل رہی ہے۔ ان تین سالوں ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ اور سوات میں پاکستانی پرچم لہرانے کے سال ہیں۔ ان کی صدارت چوتھے سال میں قدم رکھ چکی ہے جس سے مخالفین کی اذیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور انشاءاللہ پانچ سال پورے ہونے پر 2013 ءکے انتخابات پیپلز پارٹی دوبارہ کامیاب ہو کر آصف علی زرداری کو اگلے پانچ سالوں کے لئے بھی صدر منتخب کرائے گی۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی راجہ ریاض نے کہا کہ پنجاب حکومت گورنر کے اختیارات کم کرنے اور گورنر ہاﺅس پر قبضہ کرنے کی سازشیں کر رہی ہے لیکن گورنر ہاﺅس جیالوں کا گھر ہے، اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے کی آنکھیں نکال دیں گے۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے شہباز تاثیر کی بازیابی اور صوبے میں ڈینگی مچھر پر قابو پانے کا مطالبہ کیا۔
اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ثمینہ خالد گھرکی، سمیع اللہ خان، اکبر خاں اور دیگر نے آصف علی زرداری کو صدارت کے تین سال مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تخت لاہور کے شہزادے دیکھ لیں کہ ریلی میں پی پی کے جیالوں کا جم غفیر اس بات کا ثبوت ہے کہ لاہور میں ن لیگ کا خیالی قلعہ مسمار ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پر ایک بیمار ذہن شخص کی حکمرانی ہے جو مچھروں کو مارنے کے لئے توپوں کا مطالبہ کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کے اختیارات ختم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 97591
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش